برطانیہ میں بچوں کے جرائم پر والدین کو بھی سزا دینے کی تجویز

انگلینڈ اور ویلز میں بچوں کے جرائم پر والدین کے خلاف بھی کارروائی کی تجویز سامنے آئی ہے، والدین کو جرمانے کے ساتھ سرکاری مراعات سے محروم کرنے اور انتہائی سنگین صورت میں جیل بھیجنے کی تجویز دی گئی ہے۔
یوتھ جسٹس منسٹر جیک رچرڈز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے جرائم سے نمٹنے کے لیے والدین کو بھی متناسب انداز میں جواب دہ ہونا چاہیے اور انہیں معاشرے کو محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا,حکومت نے مئی میں والدین کے لیے جاری کیے جانے والے احکامات کو مز ید مؤثر اور وسیع کرنے کے منصوبے پیش کیے تھے، جن کے تحت والدین یا سرپرستوں کو اپنے بچے کے رویے میں بہتری کے لیے مشا ور تی نشستوں میں شرکت کرنا ہوگی، جن میں رہائشی تربیتی کورسز بھی شامل ہوسکتے ہیں، بصورت دیگر ایک ہزار پاؤنڈ تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
یوتھ جسٹس منسٹر نے واضح کیا کہ والدین کو جیل بھیجنے کی کارروائی صرف انتہائی سنگین صورتوں میں ہوگی اور سزا کا فیصلہ جج کی صوابدید پر ہوگا،مجوزہ اصلاحات میں والدین کے لیے ترغیب اور سزا دونوں کا طریقہ اپنایا جائے گا،تاہم فوجداری انصاف کے شعبے سے وا بستہ متعدد ماہرین نے ان تجاویز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کے لیے ایسے احکامات مؤثر ثابت نہیں ہوئے اور ان کا بوجھ غریب طبقے پر زیادہ پڑسکتا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق موجودہ قوانین کے تحت عدالتوں کو 16 سال سے کم عمر بچے کے جرم ثابت ہونے کی صورت میں والدین کے لیے حکم جاری کرنے پر غور کرنا ہوتا ہے، جبکہ 16 اور 17 سال کی عمر کے بچوں کے معاملے میں بھی ایسا حکم جاری کیا جاسکتا ہے اگر عدا لت سمجھے کہ اس سے مزید جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی، ایسے حکم کی مدت بارہ ماہ سے زیادہ نہیں ہوسکتی اور اس کی خلاف ور ز ی جرم تصور ہوتی ہے، جس پر ایک ہزار پاؤنڈ تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق والدین کے لیے ایسے احکامات کے استعمال میں گزشتہ برسوں کے دوران نمایاں کمی آئی ہے اور 2009، 2010 میں ایک ہزار سے زائد احکامات کے مقابلے میں 2022، 2023 میں صرف 33 احکامات جاری کیے گئے۔
جیک رچرڈز نے بچوں کی مجرمانہ ذمہ داری کی عمر 10 سال سے بڑھانے کے مطالبے کو بھی مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نظام انصاف پر عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور یہ معاملہ حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں، اقوام متحدہ اس سے قبل برطانیہ میں مجر مانہ ذمہ داری کی عمر کو دنیا کی کم ترین عمروں میں شمار کرتے ہوئے اسے کم از کم چودہ سال کرنے کی سفارش کرچکا ہے۔
مزید پڑھیں





