پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی

پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اسے 24 اکتوبر 2026 تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کے روز جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں اور بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کی جانب سے چلائے جانے، ملکیت یا لیز پر لیے گئے طیاروں، بشمول فوجی پروازوں، کے لیے دستیاب نہیں ہوگی-
واضح رہے کہ پاکستان نے یہ فضائی پابندیاں 2025 میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں عائد کی تھی،فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، جس سے یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے،اس صورتحال کے نتیجے میں بھارتی ایئرلائنز کو اب تک لا کھوں ڈالر کے اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں پر فضائی حدود کے استعمال کی پابندی میں متعدد مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے تازہ ترین توسیع کے بعد یہ پابندی مزید ایک ماہ تک نافذ رہے گی،گزشتہ ماہ پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے فضائی حدود کی پابندی میں 24 ستمبر تک توسیع کی تھی۔
مزید پڑھیں





