Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے راستے تاحال بند ہیں ، ابھی تک ایک روپیہ ادا نہیں کیا گیا،اویس چوہدری


صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن اویس چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے راستے تاحال بند ہیں جبکہ کنٹینرز کے کرایوں کی مد میں ایک روپیہ بھی ادائیگی نہیں ہوئی۔


 نجی ٹی وی کےایک روگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک ہمیں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی اور نہ ہی کوئی ایسا طریقہ کار بنایا گیا ہے کہ جس کے ذریعے ہمیں پتہ چلے کہ ان کنیٹنرز کا کوئی معاوضہ ہمیں ملے گا،ہماری کاروباری مشکلات بڑھ چکی ہیں ، ہم سے زیادہ اس وقت کوئی مصیبت کا شکار نہیں ہے ۔


انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام شہریوں کیلئے تو رستے کھل چکے ہیں لیکن گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے نہ ایم ون کھلی ہے نہ ہی ایم ٹو،ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ کارگو روکنے کا کیا مقصد ہے ،ہمارے ڈرائیورز خوار ہورہے ہیں ، مال لیٹ ہورہا ہے۔ہم اسلام آباد ایسا کیا لے جائیں گے جو دھرنے والوں کیلئے استعمال ہو جائے گا۔


انہوں نے مزید کہا کہ کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ اور اسکے اخراجات کا معاملہ ایک بہت بڑا کرپشن کا اسکینڈل ہے ، ہمیں ابھی تک ایک روپیہ ادا نہیں کیا گیا۔ساڑھے 4 کروڑ روپے اور کبھی 40 کروڑ روپے کا فگر کہاں سے آجاتا ہے۔آخر حکومت یہ رقم کس کو دے رہی ہے؟-


اویس چوہدری نے بتایا کہ احتجاج کرنے والے ڈرائیورز کو تھانے میں بند کردیا جاتا ہے اور اس کیخلاف ایف آئی آر درج کردی جاتی ہے ۔حکومتی اقدامات کی وجہ سے ہماری سپلائی چین متاثر ہورہی ہے،اگر انہیں 10 گاڑیاں چاہئیں تو یہ 20 پکڑتے ہیں،اضافی 10 گاڑیوں کو رشوت لیکر چھوڑا جاتا ہے۔


انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2013 سے اب تک کے دھرنوں میں استعمال ہونے والے کنٹینرز کی ادائیگی کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں،27 ستمبر کے دھرنے کی تیاری کیلئے 40 کروڑ روپے جاری کئے گئے تھے تو وہ کہاں پر خرچ ہوئے ہیں اس کی تفصیلات بھی سامنے آنی چاہئیں۔


واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی جانب سے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ اب 4 اکتوبر کو ہوگا لیکن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سڑکوں کے کنارے کنیٹنرزتاحال موجود ہیں۔