آئی ایم ایف معاہدے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔
صبح 11 بج کر 10 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 569.12 پوائنٹس یعنی 0.34 فیصد اضافے کے ساتھ 169,149.52 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا,مارکیٹ میں اہم شعبوں کے حصص میں خریداری دیکھی گئی، جن میں آٹو موبائل اسمبلی، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے حصص نمایاں رہے۔
لکی سیمنٹ، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک، نیشنل بینک، یونائیٹڈ بینک، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی ایل، پاکستان اسٹیٹ آئل، حب پاور اور اٹک ریفائنری سمیت انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے اہم حصص میں مجموعی طور پر مثبت کاروبار دیکھا گیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹوں میں جمعرات کو ایشیائی حصص دباؤ کا شکار رہے، خودمختار بانڈ مارکیٹوں میں بڑھتے دباؤ، بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے قرض حاصل کرنے کی اطلاعات اور تیل کی قیمتوں میں اضافے نے عالمی سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کو تقویت دی۔
جاپان کا نکی انڈیکس 0.9 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کی مارکیٹ 0.6 فیصد نیچے آئی، جاپان کے علاوہ ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا ایم ایس سی آئی انڈیکس بھی 0.1 فیصد کم ہوا۔
مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے اسپیس ایکس، براڈکام اور اوریکل کی جانب سے بڑے پیمانے پر قرض حاصل کرنے کی اطلاعات نے بھی عالمی مالیاتی منڈیوں میں تشویش پیدا کی، جس کے نتیجے میں اسپیس ایکس کے حصص اور بانڈز دباؤ میں آگئے۔





