اسلام آباد: پولیس پر فائرنگ، زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی

اسلام آباد:زیرحراست ملزم کو چھڑانے کی کوشش کے دوران اس کے ساتھیوں کی جانب سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں زیرحراست ملزم آصف عرف ببلو زخمی ہوگیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ سہالہ کی حدود میں پولیس ٹیم زیرحراست ملزم آصف عرف ببلو کی نشاندہی اور انکشاف پر برآ مدگی کے بعد اسے واپس لے کر جا رہی تھی کہ راستے میں چھپے اس کے 4 ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر فائر نگ شروع کردی، پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جبکہ فائرنگ کے دوران زیرحراست ملز م آصف عرف ببلو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوگیا،زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ سہالہ کی حدود میں ایک لڑکا سنیچنگ کی واردات سے بچنے کی کوشش کے دوران پل سے نیچے گر کر جاں بحق ہوگیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ سہالہ میں درج کیا گیا،پولیس نے آصف عرف ببلو کو ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا ہے، آصف عرف ببلو چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہونے کے باعث اسلام آباد و راولپنڈی پولیس کو مطلوب تھا،پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مختلف وارداتوں میں چھینا گیا مال مسروقہ بھی برآمد کیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتا ری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
مزید پڑھیں





