برطانیہ میں امریکی فضائی اڈے کے قریب دھماکہ خیز مواد کا شبہہ، متعدد افراد گرفتار

جنوب مغربی برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال آر اے ایف فیئر فورڈ ائیر بیس کے قریب پولیس نے دھماکہ خیز مواد کے قانون کے تحت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے-
برطانوی میڈیا کے مطابق خطرے کے پیشِ نظر پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ائیر بیس کے قریب واقع وئلفورڈ کے رہائشیوں کو ان کے گھروں سے نکال کر ایک مقامی تفریحی مرکز میں منتقل کر دیا,پولیس اور ہنگامی خدمات کے ادارے اس وقت مکمل الرٹ پر ہیں, واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی گاڑیوں، ایمبولینسوں اور فائر برگیڈ کی گاڑیوں سمیت تقریباً 30 ہنگامی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔
گلوسٹر شائر پولیس نے اپنے ایک سرکاری بیان میں بتایا تھا کہ وئلفورڈ کے علاقے میں کئی مکانات کو خالی کرایا جا رہا ہے، یہ اقدام دھماکہ خیز مواد کے قانون کے تحت متعدد افراد کی گرفتاری کے بعد اٹھایا گیا ہے,فوج کی خصوصی بم ڈسپوزل ٹیم اس وقت متعدد گاڑیوں کا معائنہ کر رہی ہے، تا ہم اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
امریکی فضائیہ کے ترجمان نے سیکیورٹی کے مخصوص اقدامات پر تفصیلی گفتگو کرنے سے معذرت کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ”501ویں کامبیٹ سپورٹ ونگ اور برطانیہ میں مقیم ہمارے دیگر ونگز مکمل طور پر بیدار اور الرٹ ہیں، ہم اپنے امریکی فوجیوں، شہریوں اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام مناسب اقدامات کریں گے, ہم اپنے اداروں اور لوگوں کی حفاظت کے لیے وقت کے ساتھ ساتھ تمام ضروری تدابیر کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے آراےایف فیئر فورڈ بیس کو امریکی فورسز کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، جہاں سے آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے کرنے والے ایرانی میزائل ٹھکانوں پر کارروائیاں کی جاتی ہیں,ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے جولائی میں خبردار کیا تھا کہ ان حملوں میں استعمال ہونے والا کوئی بھی فوجی اڈہ ان کا جائز ہدف ہو گا۔
تاہم برطانوی پولیس نے فی الحال یہ تصدیق نہیں کی کہ ان گرفتاریوں اور دھماکہ خیز مواد کا براہِ راست تعلق اس فضائی اڈے سے ہے یا نہیں، اور علاقے میں گھیرابندی کر کے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں



راولپنڈی، اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروس متاثر


2 چینی پانڈا 10 سالہ قیام کے لیے انٹلانٹا روانہ
