2 چینی پانڈا 10 سالہ قیام کے لیے انٹلانٹا روانہ

چین کے شہر چینگدو سے 2 دیوہیکل پانڈا 10 سالہ قیام کے لیے امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا روانہ ہوگئے۔
چینی حکام کے مطابق پنگ پنگ اور فو شوانگ کو اتوار کی صبح 2 بج کر 55 منٹ پر چارٹرڈ پرواز کے ذریعے چینگدو شوانگ لیو انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے اٹلانٹا کے لیے روانہ کیا گیا,روانگی سے قبل چینگدو ریسرچ بیس آف جائنٹ پانڈا بریڈنگ میں دونوں پانڈا کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی, نر پانڈا پنگ پنگ 17 مارچ 2020 کو پیدا ہوا جبکہ مادہ پانڈا فو شوانگ 18 اکتوبر 2020 کو پیدا ہوئی۔
طویل سفر کے دوران ان کی صحت اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے تازہ بانس، بانس کی کونپلیں، سیب اور ہنگامی ادویات سمیت ضروری سامان فراہم کیا گیا، جبکہ انہیں سفر کے دوران ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے خصوصی تربیت بھی دی گئی۔
چینی اور امریکی ماہرین دونوں پانڈا کی پرواز کے دوران صحت کی مسلسل نگرانی کریں گے۔ اٹلانٹا پہنچنے پر پنگ پنگ اور فو شوانگ کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور طبی معائنہ کیا جائے گا، جبکہ چینی ماہرین اور نگہداشت کرنے والا عملہ بھی ابتدائی عرصے میں ان کے ساتھ موجود رہے گا, زو اٹلانٹا میں پانڈا کے لیے رہائشی سہولیات کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے، جہاں وسیع اندرونی جگہ، چڑھنے کے لیے ڈھانچے، چٹانی پلیٹ فارم، تالاب اور جدید نگرانی کا نظام شامل کیا گیا ہے۔
چین اور زو اٹلانٹا گزشتہ 2 دہائیوں سے پانڈا کے تحفظ کے شعبے میں تعاون کر رہے ہیں۔ دونوں جانب سے اب تک 30 سے زائد تحقیقی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں اور 50 سے زیادہ تحقیقی مقالے شائع ہوئے ہیں۔ اس تعاون کے دوران دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر 7 پانڈا کی افزائش بھی کامیابی سے کی ہے۔





