بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

لاہور: بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے تصدیق کی ہے کہ انہیں 27 نومبر کو لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھگونت سنگھ مان نے جمعے کو بھارتی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی ہے اور ان کی میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔بھگونت مان نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں کہا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک کے دوروں کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟انہوں نے کہا کہ ہمارا کلچر ایک ہے، ہمارے شاعر اور دیگر لوگ لاہور جائیں گے، میں بھی وہاں جانا چاہتا ہوں۔اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے وزیراعلیٰ بھگونت مان سے کہا کہ اگر انہیں پاکستان جانے کی اجازت مل جائے تو وہ انہیں بھی ساتھ لے جائیں۔اس پر بھگونت مان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سب مل کر کرتارپور جائیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں 27 نومبر کو منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کے لیے بھگونت سنگھ مان کو دی گئی دعوت کے حوالے سے ان کا بیان سامنے آیا ہے۔ تاہم، ان کی پاکستان آمد کا انحصار بھارتی حکومت کی اجازت پر ہوگا۔





