جمعہ، 23 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسرائیلی دو فوجی ہلاک،مغربی کنارے کو مکمل بند کرنے کا حکم

مصنف:

اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں الخلیل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں اپنے دو فوجیوں کی ہلاکت کے بعد علاقے کو مکمل طور پر بند کرنے کی تیاری کا حکم دے دیا۔


اسکائی نیوز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو شہر الخلیل کا محاصرہ کرنے اور فلسطینی علاقے مغربی کنارے کی مکمل ناکہ بندی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں اسٹاف سارجنٹ رون یوناتان رائٹ مین اور سارجنٹ یووال شائی سویلیم ہلاک جبکہ تین دیگر فوجی زخمی ہوگئے۔ فوج نے دعویٰ کیا کہ واقعے میں ملوث دو مسلح افراد کو ہلاک کردیا گیا، جن کا تعلق الخلیل سے تھا۔ فوج کے مطابق ان کے پاس ایم 16 رائفل اور ایک پستول موجود تھا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مسلح افراد ایک فوجی چوکی پر پہنچے، جہاں تقریباً 20 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے ذریعے اسرائیلی شہریوں پر ممکنہ حملہ ناکام بنایا گیا۔ زخمی فوجیوں کو اسرائیل کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔


وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ بظاہر حماس کے ارکان بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے بہادری اور عزم کے ساتھ حملے کو ناکام بنایا۔ نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج اور سکیورٹی اداروں کو الخلیل کا فوری محاصرہ کرنے اور مغربی کنارے سے ممکنہ حملوں کی روک تھام کے لیے اضافی سکیورٹی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔واقعے کے بعد علاقے کے فلسطینی قصبوں میں سڑکوں پر ناکے لگانے اور آمدورفت محدود کرنے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر نے بھی واقعے کو جواز بناتے ہوئے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔


یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اسرائیل میں آئندہ منگل کو انتخابات ہونے والے ہیں۔ اسکائی نیوز کے مشرق وسطیٰ کے نمائندے کے مطابق انتخابات کے پیش نظر پیر اور منگل کو مغربی کنارے میں آمدورفت مزید محدود یا سخت نگرانی میں رکھنے کا امکان ہے۔نیتن یاہو اپنی انتخابی مہم میں اسرائیل کی سکیورٹی کو اہم موضوع قرار دے رہے ہیں، جبکہ اپوزیشن اتحاد کی قیادت سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کررہے ہیں۔