اسپیس ایکس نے امریکی فوج کا خفیہ مشن خلا میں روانہ کردیا

اسپیس ایکس نے امریکی فوج کے لیے خفیہ مشن کے تحت فالکن 9 راکٹ خلا میں روانہ کردیا۔
راکٹ نے کیلیفورنیا میں واقع وینڈن برگ اسپیس فورس بیس کے اسپیس لانچ کمپلیکس 4 ایسٹ سے ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے پرواز کی اورجنوب کی سمت روانہ ہوا، یہ مشن امریکی اسپیس فورس کے یو ایس ایس ایف-385 پروگرام کا حصہ ہے فالکن 9 کا بوسٹرجس کا شنا ختی نمبر B1096 ہے، 10ویں مرتبہ استعمال کیا گیا، راکٹ کا پہلا مرحلہ بحرالکاہل میں موجود اسپیس ایکس کے بغیر پائلٹ بحری جہاز ’آف کورس آئی اسٹل لوو یو‘ پر کامیابی سے واپس اتار لیا گیا۔
https://x.com/SpaceX/status/2103844020711748094?s=20
ماہرین کے مطابق یہ ممکنہ طور پر ایسے مشنز کی تیسری پرواز ہے جن کے ذریعے حکومت کے لیے تیار کیے گئے اسپیس ایکس کے اسٹار شیلڈ سیٹلائٹس خلا میں پہنچائے جا رہے ہیں۔ اسٹار شیلڈ، اسپیس ایکس کے اسٹار لنک سیٹلائٹس کا سرکاری اور فوجی استعمال کے لیے تیار کر دہ ورژن ہے۔ اسپیس ایکس نے صارف کی درخواست پر راکٹ کے پے لوڈ اور دوسرے مرحلے کی تصاویر یا تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اس سے قبل 17 ستمبر کو اسی نوعیت کا ایک اور مشن یو ایس ایس ایف-259 روانہ کیا گیا تھا، تاہم اسے مختلف مدار میں بھیجا گیا۔ اسپیس فلائٹ ناؤ کے مطابق اس مشن میں بظاہر 17 سیٹلائٹس شامل تھے۔





