ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کا امکان ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے جلد خاتمے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد یہ تنازع ختم ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی سے کمی متوقع ہے۔
ریاست الاباما میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ذکر کیا کہا کہ اس وقت سب سے اہم سوال یہ ہے کہ تہران میں مذاکرات کے لیے کس سے رابطہ کیا جائے، کیونکہ وہاں اقتدار کے حصول کی کشمکش جاری ہے اور مختلف گروپس موجود ہیں، ایران نے مذاکرات کے دوران اپنا مؤقف انتہائی سخت رکھا حالانکہ اسے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔
امریکی صدر نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں ایران کی جوہری صلا حیت کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور تہران کو اپنی جوہری تنصیبات دوبارہ تعمیر کرنے میں کئی سال درکار ہوں گے۔
ایران کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے ملک میں افراطِ زر کی شرح تقریباً 310 فیصد ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔




