علیمہ خان سمیت 10 ملزمان کیخلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے علیمہ خان سمیت 10 ملزمان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کر دیا۔
کیس کی سماعت کے موقع پر کیس کا فیصلہ بغیر کارروائی کے مؤخر کر دیا گیا,علیمہ خان کے خلاف مقدمے کا فیصلہ 9 اکتوبر تک مؤخر کیا گیا ہے۔
تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے میں علیمہ خان اور دیگر ملزمان پر 26 نومبر کے احتجاج کے دوران گھیراؤ، جلاؤ، ہنگامہ آرائی اور احتجاج کی ترغیب سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا. کیس کی کارروائی انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں جاری ہے.
عدالت نے 22 ستمبر 2026 کو مقدمے کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس کے بعد فیصلہ پہلے یکم اکتوبر کو سنایا جانا تھا، تاہم آج عدالت میں فیصلہ سنائے بغیر کارروائی مؤخر کر دی گئی اور نئی تاریخ 9 اکتوبر مقرر کی گئی.
رپورٹس کے مطابق مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کے 19 گواہان پر جرح مکمل ہوئی. علیمہ خان کی جانب سے مزید گواہان، جن میں وفاقی اور صوبائی وزرا بھی شامل تھے، کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا. عدالت کا مؤقف تھا کہ استغاثہ کے گواہان پر پہلے ہی تفصیلی جرح ہو چکی ہے.
یاد رہےکہ اس سے قبل عدالت نے 22 ستمبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا،پھر 25 ستمبر کو بھی فیصلہ مؤخر کیا گیا تھا اور عدالت نے اسے یکم اکتوبر تک ملتوی کیا تھا۔ اس وقت رپورٹ کیا گیا تھا کہ جج امجد علی شاہ کی رخصت کے باعث فیصلہ مقررہ تاریخ پر نہیں سنایا جا سکا.
مزید پڑھیں





