کوانٹم ویلی پاکستان کی لانچنگ، جدید ٹیکنالوجی میں اہم قدم ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوانٹم ویلی پاکستان کی لانچنگ تقریب ملک کے لیے قابلِ فخر لمحہ اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی صلاحیت بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ کوانٹم ویلی پاکستان کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اس منصوبے کی لانچنگ پاکستان کے لیے ایک نئی سمت کی جانب سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوانٹم ویلی کے قیام سے ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی صلاحیتیں پیدا کرنے اور نوجوانوں کو مستقبل کی ٹیکنالوجیز سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کوانٹم ویلی پاکستان اور کیمبرج انوویشن سینٹر کے درمیان معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری سے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے اور انہیں جدید علمی و تکنیکی میدان میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کوانٹم ویلی پاکستان کے قیام سے اسٹارٹ اپس اور ہائی ٹیک کاروبار کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔ اس اقدام کے نتیجے میں ملک میں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق نئی صلاحیتیں پیدا کرنے اور نوجوانوں کو ہائی ٹیک شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ’’معرکہ حق‘‘ میں عظیم فتح سے پاکستان کو دنیا میں نئی پہچان ملی، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے بھی پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی اور سفارتی شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مضبوط معیشت کا ہونا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹیکنالوجی کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ہائی ٹیک کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ احسن اقبال کے مطابق پاکستان کی ترقی اور مستقبل کی معاشی و قومی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، نوجوانوں کی تربیت اور ہائی ٹیک کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں





