مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش، جمعۃ المبارک کو ’’یومِ مذمت‘‘ منانے کا اعلان

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ جمعۃ المبارک کو مکہ المکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور مملکت سعودی عرب میں مقدس مقامات پر حوثی باغیوں، ان کے حلیفوں اور سرپرستوں کے حملوں کے خلاف ملک بھر میں ’’یومِ مذمت‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء، مذہبی رہنماؤں، خطباء اور ائمہ سے اپیل کی کہ وہ آئندہ جمعۃ المبارک کے خطبات میں ان حملوں کی بھرپور مذمت کریں اور حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے امتِ مسلمہ کے متفقہ مؤقف کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ مسلمانوں کے ایمان و عقیدے کے مراکز ہیں، جبکہ ارضِ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے دو ارب مسلمان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور تحفظ پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
مزید پڑھیں





