Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبرپختونخوا میں آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ پر مشاورت کی تصدیق

Dr.-Tariq-Fazal-Chaudhary

وفاقی وزیرپارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ صدرمملکت کرتے ہیں اور پارلیمنٹ منظور کرتی ہے، اس وقت خیبرپختونخوا میں آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ پر مشاورت ہو رہی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پارلیمنٹ منظوری دے دیتی ہے تو آئینی طریقے سے ایمرجنسی کا نفاذ ہوسکتا ہے، حکومت کا اختیار ہے وہ چیف ایگزیکٹو اختیارات کسی بھی فرد کو تفویض کرسکتی ہے۔ چیف ایگزیکٹو کے اختیارات گورنر کو بھی دیئے جا سکتے ہیں۔ اگر ایمرجنسی کے نفاذ کے کوئی سیاسی اثرات ہوتے ہیں تو برداشت کرنے پڑیں گے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بار بار کال کے باوجود تینوں صوبوں میں بندے اکٹھے نہیں ہوئے، 20 لاکھ لوگ لانے کی بات کرتے تھے 20 ہزار بندے اکٹھے نہیں ہوئے، پی ٹی آئی نے27 ستمبرکےلانگ مارچ کی ناکامی کےبعد4 اکتوبرکی تاریخ دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے امن و امان صورتحال پر قابو نہ پانے پر عوام نالاں ہیں، اگر صوبے میں امن وامان کا قیام اور خوشحالی ہوئی تو عوام اسے ویلکم کریں گے، دہشتگردی میں جو اضافہ ہورہا ہے اس کو روکنا زیادہ ضروری ہے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 4 اکتوبر کو بھی ناکام ہوگی پی ٹی آئی میں دھڑے بندی اورتفریق موجود ہے، لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے اندر اختلاف رائے موجود ہے، پی ٹی آئی کے ارکان اسلام آباد پر چڑھائی کے راستہ کی مخالفت کررہے ہیں۔