8 سال تک خاتون بن کر پولیس کو چکمہ دینے والا مفرور مجرم گرفتار

ترکیہ میں پولیس نے 8 سال سے مفرور ایک مجرم کو گرفتار کرلیا، جو قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے خاتون کا بھیس اختیار کرکے رہ رہا تھا اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے اپنی بہن کا شناختی کارڈ استعمال کرتا تھا۔ ترک میڈیا کے مطابق طغرل باشار کو 2010 میں سامسون میں خود کو سرکاری عہدیدار ظاہر کرکے چوری کرنے کے جرم میں 7 سال 11 ماہ قید کی حتمی سزا سنائی گئی تھی۔ وہ 28 فروری 2018 سے پولیس کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش تھا۔ رپورٹ کے مطابق استنبول پولیس کے مفرور افراد کے بیورو نے طغرل باشار کی تلاش شروع کی اور تحقیقات کے دوران اس کی موجودگی ضلع کادیکوئی میں معلوم کرلی۔ پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ طغرل باشار نے اپنی اصل شناخت چھپانے کے لیے خاتون کا بھیس اختیار کر رکھا تھا۔ وہ پولیس کی نظروں سے بچنے اور اپنی شناخت ظاہر نہ ہونے دینے کے لیے اپنی بہن کا شناختی کارڈ بھی استعمال کررہا تھا۔ پولیس نے طغرل باشار کی نگرانی کی اور اس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد کادیکوئی میں کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کی تلاشی بھی لی، جس کے نتیجے میں اس کے قبضے سے اس کی بہن کا شناختی کارڈ برآمد ہوا۔ پولیس نے طغرل باشار کے خلاف سابقہ سزا کے تحت کارروائی کے علاوہ کسی دوسرے شخص کی شناختی معلومات استعمال کرنے کے الزام میں بھی قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس مرکز منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں





