فیول ریلیف پیکج پر حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے مذاکرات کامیاب

اسلام آباد: حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان فیول ریلیف پیکج پر معاملات طے پا گئے، کامیاب مذاکرات کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے، جبکہ ریلیف پیکج کی ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کردیا جائے گا۔ مذاکرات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کو فیول ریلیف پیکج کی رقم اسٹیٹ بینک کے ذریعے 48 گھنٹوں کے اندر ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ پی پی ڈی اے کے مطابق حکومت ادائیگیوں کے طریقہ کار کی وضاحت کے لیے جلد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ اس کے علاوہ وزیر پیٹرولیم نے آئندہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان اتفاق رائے کے بعد فیول ریلیف پیکج پر عملی پیش رفت کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جبکہ کئی روز سے جاری ڈیڈلاک بھی ختم ہوگیا۔ اجلاس میں پی پی ڈی اے کی قیادت نے شرکت کی، جن میں ملک خدا بخش، طارق حسن، انور کمال اور ملک شیر خان شامل تھے۔ پی پی ڈی اے سندھ کے صدر امیر خان نے زوم لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ پی پی ڈی اے پنجاب کے وائس چیئرمین راجہ وسیم بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں





