Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کوئی پُرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا، عطا تارڑ

attaullah-tarar

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا، انتظامیہ، پولیس، وزیر داخلہ اور پوری حکومت اس معاملے پر مکمل طور پر واضح مؤقف رکھتی ہے، جبکہ اسلام آباد کے راستے کھلے رہیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سڑکیں بند کرنے اور عوام کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کے عمل کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، اب حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کی آمدورفت میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہو۔

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر میں خصوصی فیول ریلیف اسکیم کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس اسکیم کا فائدہ اشرافیہ کے بجائے عام اور غریب آدمی تک پہنچنا چاہیے تاکہ ضرورت مند شہری اس سہولت سے حقیقی طور پر مستفید ہو سکیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ عوام کے مطالبے پر موٹرسائیکل کی اہلیت کی مدت 15 سال سے بڑھا کر 20 سال کر دی گئی ہے۔ یکم جنوری 2006 تک رجسٹرڈ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں فیول ریلیف اسکیم کے لیے اہل ہوں گی، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے ایس ایم ایس کی سہولت بھی مفت کر دی گئی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں کے لیے 5 لیٹر پیٹرول کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ اسکیم کے تحت ہفتے میں ایک ٹوکن پر 500 روپے تک کی رعایت دی جائے گی، جبکہ موٹرسائیکل اور چنگچی رکشہ سوار ہفتے میں ایک بار اور ماہانہ چار مرتبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دو لیٹر پیٹرول حاصل کرنے والے موٹرسائیکل یا چنگچی رکشہ سوار کو 780 روپے کے بجائے صرف 280 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق اسمارٹ فون نہ رکھنے والے شہریوں کو بھی خصوصی فیول ریلیف اسکیم میں شامل کیا گیا ہے تاکہ سہولت سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد فائدہ اٹھا سکیں۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL