قصور،صحافی گرفتار،صحافتی برادری کا اظہار تشویش
قصور تحصیل چونیاں کے علاقے آلہ آباد سے تعلق رکھنے والے صحافی غلام صابر مغل کے ساتھ مبینہ طور پر پیش آنے والے واقعے پر قصور کی صحافی برادری نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے
صحافی برادری کے مطابق غلام صابر مغل صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران پیرا فورس کی کارروائی کی کوریج کر رہے تھے اور مبینہ طور پر فوٹو بنانے پر انہیں ہتھکڑیاں لگا کر عوام کے سامنے لے جایا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کر دیا گیاقصور کی صحافی برادری کا کہنا ہے کہ اگر کسی صحافی کے خلاف کوئی قانونی خلاف ورزی ثابت ہو تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاہم صحافتی فرائض کی انجام دہی پر کسی صحافی کو ہراساں یا تضحیک کا نشانہ بنانا قابلِ تشویش عمل ہے۔صحافی برادری نے مزید کہا کہ پیرا فورس کی کارروائیوں کے حوالے سے تاجروں، دکانداروں اور ریڑھی بانوں کی جانب سے بھی تحفظات سامنے آتے رہے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ تمام کارروائیوں میں قانون، شفافیت اور بنیادی انسانی و شہری حقوق کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے
قصور کی صحافی برادری نے وزیراعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی غلام صابر مغل کے خلاف درج مقدمے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، واقعے میں مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کے طرزِ عمل کا جائزہ لیا جائے اور اگر مقدمہ بے بنیاد ثابت ہو تو قانون کے مطابق اسے خارج کیا جائے,صحافی برادری نے واضح کیا کہ صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران قانونی تحفظ اور آزادانہ طور پر رپورٹنگ کا حق حاصل ہونا چاہیے، جبکہ کسی بھی سرکاری یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کی کارروائی قانون اور ضابطے کے مطابق ہونی چاہیے
مزید پڑھیں





