Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ
لائیو نیوز
آخری اپ ڈیٹ:2 گھنٹے پہلے

کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب نماز جمعہ کے دوران دھماکا

مصنف

شائع کیا گیا

کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔


پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، جس کے نتیجے میں مسجد کے باہر گڑھا پڑ گیا جبکہ مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر اور ایک دیوار منہدم ہوگئی۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی کی گئی۔پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک 30 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال لایا جا چکا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔


پولیس نے کوہاٹ، ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے جبکہ پولیس لائنز کے قریب مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔پرانی پولیس لائن کے قریب دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ریسکیو 1122 کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 30 سے زائد زخمیوں اور 7 جاں بحق افراد کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔جائے وقوعہ پر جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 14 ایمبولینسز، ریسکیو ویکلز، ریکوری وہیکل سمیت 45 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ آپریشن مکمل ہونے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

براہ راست
  1. |2 گھنٹے پہلے

    کوہاٹ دھماکہ،صدر مملکت کا اظہار افسوس

    M
    Mumtaz

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے کے نتیجے میں شہریوں کے زخمی ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ہے

    صدرِ مملکت نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ہے،صدرِ مملکت نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فتنہ الخوارج اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے،

  2. |3 گھنٹے پہلے

    کوہاٹ دھماکا، پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

    M
    Mumtaz

    کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کے بعد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا


    سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دھماکے میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شہید ہوئے ہیں،پولیس کے مطابق 7 مسلح دہشت گرد پولیس لائنز میں داخل ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں خودکش بمبار اور اسنائپر بھی شامل ہیں، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

  3. |3 گھنٹے پہلے

    کوہاٹ دھماکا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو جواب دینا ہوگا

    M
    Mumtaz

    کوہاٹ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی حکومت کو جواب دینا ہوگا کہ صوبے میں ان کی اصل ترجیح کیا ہے۔


    گزشتہ چند ہفتوں کا ریکارڈ سامنے ہے، وزیراعلیٰ کبھی سندھ، کبھی پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں اور کبھی اسلام آباد میں مصروف نظر آتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا عہدہ صرف جماعتی سیاست کا عہدہ نہیں، جب صوبہ دہشت گردی اور بدامنی کے خطرات سے دوچار ہو تو وزیراعلیٰ کا زیادہ وقت دوسرے صوبوں میں پارٹی کی سیاسی تحریک پر کیوں صرف ہو رہا ہے؟صوبائی حکومت کی براہِ راست آئینی و انتظامی ذمہ داری خیبرپختونخوا کے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، پولیس اور سول انتظامیہ کی مؤثر نگرانی اور امن و امان کے لیے پالیسی بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ کی پہلی ذمہ داری اپنی پارٹی کی سیاست ہے یا خیبرپختونخوا کے شہریوں کا تحفظ؟

  4. |3 گھنٹے پہلے

    کوہاٹ دھماکہ،16 فراد شہید،50 سے زائد زخمی

    M
    Mumtaz

    کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دھماکے میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شہید ہوئے جبکہ 1 دہشتگرد کو مقابلے میں جہنم واصل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا جس سے مسجد کے باہر گڑھا پڑ گیا، دھماکے سے مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا اور دیوار بھی گر گئی۔

  5. |4 گھنٹے پہلے

    کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز دھماکا، گورنر خیبرپختونخوا کی مذمت

    M
    Mumtaz

    پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز میں دھماکے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔


    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

  6. |4 گھنٹے پہلے

    کوہاٹ دھماکہ،وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی

    M
    Mumtaz

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز میں دھماکے کا نوٹس لے لیاواقعے کی شدید مذمت کی،وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی

    سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، ہسپتالوں میں زخمیوں کے فوری علاج اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، شدید زخمیوں کو ضرورت کے مطابق دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی