پٹرول مہنگا،جماعت اسلامی کا لاہور میں دھرنا ختم

لاہور کے چیئرنگ کراس پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا 33 روز سے جاری دھرنا اچانک ختم کردیا گیا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کے مطابق دھرنے کے شرکا نے احتجاجی کیمپ ختم کردیا ہے۔ دھرنا ختم ہونے کے بعد چیئرنگ کراس پر جزوی طور پر ٹریفک بحال ہوگئی جبکہ صفائی کا کام بھی شروع کردیا گیا۔ذرائع جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں ٹرین مارچ کراچی سے شروع کیا جائے گا اور کراچی سے ٹرین مارچ میں بھرپور شرکت کی جائے گی، جبکہ لاہور میں آئندہ دھرنے کی جگہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں میں یہ سوال بھی زیرِ بحث ہے کہ جب مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے کے لیے 33 روز تک دھرنا جاری رہا تو اسے اچانک ختم کرنے کی وجہ کیا ہے اور دھرنے کے بنیادی مقاصد کس حد تک حاصل ہوئے ہیں؟شہریوں کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر پیٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور مہنگائی کا مسئلہ بدستور موجود ہے تو احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا
مزید پڑھیں





