Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

الہان عمر پر سرکہ پھینکنے والے شخص کو 14 ماہ قید کی سزا


امریکی ریاست مینیسوٹا کی عدالت نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلمان رکنِ کانگریس الہان عمر پر سرکہ پھینکنے والے 55 سالہ ملزم انتھونی جیمز کازمیرزک کو ایک سال دو ماہ یعنی 14 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انتھونی جیمز نے رواں سال مئی میں الہان عمر پر حملے میں ملوث ہونے کا جرم قبول کیا تھا۔ عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے الہان عمر کے ترقی پسند سیاسی خیالات اور مؤقف سے شدید اختلاف کی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا تھا۔ یہ واقعہ رواں سال 27 جنوری کو اس وقت پیش آیا جب الہان عمر مینیسوٹا کے علاقے میں ایک ٹاؤن ہال اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اجلاس کے دوران وہ وفاقی امیگریشن حکام، جنہیں ICE کے نام سے جانا جاتا ہے، کی کارروائیوں اور پالیسیوں پر شدید تنقید کر رہی تھیں۔ اسی دوران مجمع میں موجود ملزم انتھونی جیمز اچانک اٹھا اور ایک سرنج کے ذریعے پانی اور سیب کے سرکے کا آمیزہ الہان عمر پر پھینک دیا۔ واقعے کے بعد موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو میں لے لیا۔ رپورٹس کے مطابق حملے کے باوجود الہان عمر نے اپنا خطاب جاری رکھا اور واقعے کے بعد اپنی گفتگو مکمل کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کی، جس کے بعد معاملہ عدالت تک پہنچا۔ عدالت میں ملزم نے اپنے اقدام کا اعتراف کرتے ہوئے اسے الہان عمر کے سیاسی خیالات اور مؤقف سے اختلاف کا نتیجہ قرار دیا۔ عدالت نے واقعے میں ملوث ہونے پر انتھونی جیمز کازمیرزک کو 14 ماہ قید کی سزا سنادی۔