میرپور ماتھیلو میں خونی تصادم، فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی

( ڈسٹرکٹ گھوٹکی باغی ٹی وی/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری ) میرپور ماتھیلو کے قریب گاؤں باگو ڈہو میں مرناس برادری کے دو فریقوں کے درمیان تنازع پر جاری اختلاف نے مبینہ طور پر اس وقت سنگین صورت اختیار کرلی جب دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت بلاول مرناس، وقار مرناس اور مختیار مرناس کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے محرکات، دونوں فریقوں کے درمیان جاری تنازع اور واقعے میں ملوث افراد سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فائرنگ کے اصل محرکات اور ذمہ دار افراد سے متعلق مزید معلومات سامنے آسکیں گی۔





