Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایم کیو ایم آج بھی لسانیت کی سیاست کر رہی ہے،شرجیل میمن

sharjeel
مصنف:

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وہ مصطفیٰ کمال کی باتوں کا جواب نہیں دینا چاہتے، تاہم پیپلز پارٹی کا مصطفیٰ کمال کے بیانات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔


کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں صنعتیں ایم کیو ایم کی ہڑتالوں کی وجہ سے بند ہوئیں۔ جب ایم کیو ایم کے پاس اقتدار تھا تو ایس ایچ اوز کو چن چن کر قتل کیا گیا۔ ہم نائن زیرو اس لیے جاتے تھے تاکہ انہیں تشدد کی سیاست چھوڑنے پر آمادہ کیا جا سکے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم آج بھی جلاؤ گھیراؤ اور لسانیت کی سیاست کر رہی ہے۔ اب انہیں دوبارہ بدمعاشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہر معاملے کا ملبہ بانیٔ ایم کیو ایم پر ڈال دیتی ہے، حالانکہ قتل عام میں یہ لوگ بھی شامل تھے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وجود میں آنے کے بعد سے ہی اس کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جبکہ گزشتہ 18 سال سے سندھ حکومت کو بھی پروپیگنڈے کا سامنا ہے۔ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی نظام موجود ہے۔


صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں پیپلز پارٹی نے جو کام کیا ہے، وہ کسی اور نے نہیں کیا۔ سندھ میں سیلاب متاثرین کو مفت گھر بنا کر دیے جا رہے ہیں۔ دنیا میں کوئی ایسا منصوبہ نہیں جو 21 لاکھ گھر تعمیر کرکے فراہم کر رہا ہو۔انہوں نے سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دھرنوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ اگر کسی کو جلسہ کرنا ہے تو حکومت سے رابطہ کرے، حکومت جلسے کے لیے جگہ فراہم کرے گی۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL