خدائے لم یزل نے جو خون کے رشتے ہمیں دیے۔ وہ اچھے ہوں یا برے ہمیں ہر حال میں ان کو قبول کرنا ہوگا۔ اللہ تعالی نے بہت سی نعمتوں کے ساتھ ہمیں "دوست"جیسی نعمت سے بھی نوازا ہے۔ وہ رشتہ جس کو بنانے میں ہماری مرضی شامل ہوتی ہےاور کبھی کبھی یہ رشتہ اتنا اہم ہوجاتا ہے کہ خون کے رشتے ماند پڑ جاتے ہیں۔ اچھا دوست رب دو جہاں کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہوتا ہے۔ وقت مشکل آجائے یا کوئی غم کی گھڑی تو یہ آپ کے ساتھ ہر پل کھڑے ہوں گے۔ بےشک کسی کا ساتھ اور دلاسہ دینے سے دکھ ختم نہیں ہو جاتا لیکن ہمدرد دوست کا ساتھ، اس کا دلاسہ، اس کے لفظ اس درد کی شدت کم ضرور کر دیتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ لوگوں کا جم عفیر آپ کے آس پاس ہو۔ دوست مخلص ہو بے شک ایک ہی ہو بہت ہوتا ہے۔ آپ اپنا دکھ سکھ سب اس کے ساتھ بانٹ سکتے ہیں۔ کسی دانا نے کہا ہے کہ"دوست ایک چھتری کی طرح ہوتا ہے۔ جب بھی مسائل اور مشکلات کی بارش ہوتی ہے تو اس کی ضرورت شدت سے محسوس کرتے ہیں "
تجربے اور مشاہدے سے بھی یہی بات ثابت ہوتی ہے کہ خوشیوں سے ذیادہ غم میں دوست کی ضرورت ذیادہ ہوتی ہے۔ جس کے کندھے پر سر رکھ کر رو سکیں اور اسی کندھے کے سہارے مشکلات کی دلدل سے نکل سکیں ۔
دوستی ایک دو دھاری تلوار کی طرح ہوتی ہے۔ جہاں اس کے فائدے بہت ہیں ۔ وہاں یہ کبھی کبھی" زہر" بھی ثابت ہوتی ہے۔ دوستی میں زہر گھولنے والی بہت سی چیزوں میں سب سے اہم "انا "ہوتی ہے۔ دوستی اور انا ایسے ایک ساتھ نہیں رہ سکتے جیسے ایک میان میں دو تلواریں نہیں رہ سکتیں۔ انا درمیان میں آجائے تو دوست، دوست نہیں رہتا۔ "انا" دوستی کے تعلق کےلیے" زہر "ثابت ہوتی ہے۔ محبت، بے لوث جذبے، پر خلوص دعائیں اور ساری وفائیں" انا" کی دھول میں دب کر بے موت مر جاتی ہیں۔
دوسرے نمبر پر ہے "منافقت " دوستی کے رشتے میں" منافقت" آجائے تو دوستی کو "زہر" بنا دیتی ہے ۔راز کو راز نہ رکھ سکیں۔ دوست کے بارے میں غلط بیانی کرنا۔سامنے ہمدرد اور دل جو بننا، محبت جتانا اور درپردہ اسی دوست کی جڑیں کاٹنا۔ یہ کہاں کی دوستی ہے۔ علامہ اقبال بھی کہہ گئے ہیں کہ
یہ کہاں کی دوستی ہے بنے ہیں لوگ ناصح
کوئی غمگسار ہوتا، کوئی چارہ ساز ہوتا
دوستی کی مضبوطی کیلئے صبر و تحمل اور برداشت کے ساتھ درگذر کی عادت اپنایئں۔ اس کی بنیاد اعتبار کی اینٹوں سے بنائیں۔ہےمحبت کے گارے سے یہ اینٹیں جوڑیں تو دوستی کی یہ مضبوط عمارت آپ کو وقت کی تند و تیز آندھی سے تو بچائیں گی۔ مشکلات کی بارش میں سائبان بھی یہی دوستی ثابت ہو گی۔
مزید پڑھیں






