اسلام آباد کو صوبہ بنانے کیلئے اسلام آباد چیمبر اینڈ کامرس نے بڑا کنونشن بلا لیا

اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے کے مطالبے پر شہر کی تاجر تنظیمیں بھی سرگرم ہوگئیں، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جمعہ کو بڑا کنونشن طلب کرلیا ہے، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی ہوں گے۔ کنونشن میں اسلام آباد کو وفاقی اکائی کا آئینی درجہ دلانے سے متعلق چارٹر کی منظوری لی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کل ہونے والے کنونشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ منتخب نمائندوں، بار ایسوسی ایشنز، تجارتی و صنعتی تنظیموں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ کنونشن میں مزدوروں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کی نمائندگی بھی ہوگی۔
اسلام آباد گورننس اینڈ صوبائی حیثیت کنونشن میں اسلام آباد کو وفاقی اکائی کا آئینی درجہ دینے سے متعلق چارٹر کی منظوری لی جائے گی۔
مجوزہ چارٹر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کی اپنی منتخب حکومت، اسمبلی اور وزیراعلیٰ ہونا چاہیے۔ چارٹر میں 120 دن کے اندر اسمبلی اور یونین کونسلوں کے انتخابات کرانے، اسلام آباد سے جمع ہونے والے ٹیکسز اور فیسوں میں سے حصہ آئی سی ٹی حکومت کو دینے اور این ایف سی کے متبادل کے طور پر اسلام آباد کو آبادی اور افراط زر سے منسلک سالانہ رقم فراہم کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
چارٹر میں سی ڈی اے کو صرف ماسٹر پلاننگ اور ریگولیٹری اتھارٹی تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سی ڈی اے کے دیگر انتظامی امور اسلام آباد کی منتخب حکومت کو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مجوزہ چارٹر میں وفاقی حکومت کے اختیارات اسلام آباد میں صرف امن و امان اور ماسٹر پلاننگ تک محدود رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے لیے الگ ترقیاتی فنڈز کی ضمانت دینے کا مطالبہ بھی چارٹر میں شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں





