Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اوپن اے آئی کا نیا خودکار ایجنٹ "ڈاٹس" متعارف


اوپن اے آئی نے میٹا کے مقابلے میں خودکار نئے مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس “ڈاٹس” متعارف کرا دیئے، جو صارفین کی ہدایات پر مختلف ایپس میں خودکار طور پر کام انجام دے سکیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اوپن اے آئی نے “ڈاٹس” گزشتہ روز سان فرانسسکو میں سالانہ ڈویلپر ڈے کے موقع پر متعارف کرائے۔

کمپنی کے مطابق یہ ایجنٹس کاروباری منصوبوں کو سنبھالنے، دستاویزات تیار کرنے، ڈیٹا کا تجزیہ کرنے، تحقیق کرنے اور سافٹ ویئر بنانے سمیت مختلف کام انجام دے سکتے ہیں۔ ڈاٹس ہر وقت فعال رہ سکتے ہیں اور صارفین کی جانب سے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے کے لیے مختلف ایپس پر خود کام کرسکتے ہیں۔ جبکہ صارفین سلیک اور مائیکروسافٹ ٹیمز کے ذریعے بھی ان ایجنٹس سے رابطہ کرسکیں گے۔


اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیم آلٹ مین نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ڈاٹس مصنوعی ذہانت کے ساتھ کام کرنے کا ایک نیا طریقہ ثابت ہوں گے۔ اور نئے ایجنٹس کمپنی کے اس ماڈل پر کام کرتے ہیں جسے جی پی ٹی 6 آسٹرا کا نام دیا گیا ہے، جبکہ ان کی حفاظتی جانچ بھی کی گئی ہے۔

تقریب کے دوران ڈاٹس کی عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا، تاہم براہ راست ڈیمو کے دوران ایجنٹس کئی مرتبہ صوتی پیغامات دینے میں ناکام رہے۔

اوپن اے آئی کے شعبہ ڈویلپر ایکسپیرینس کے سربراہ رومین ہیوٹ نے صوتی نظام میں مشکلات کا اعتراف کیا، جبکہ کمپنی کے ایک ملازم نے ایکس پر بتایا کہ بیک وقت متعدد اپ ڈیٹس جاری کیے جانے کے باعث مسائل پیش آئے۔