Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

طائف پر حوثی حملہ، پاکستان کی مذمت اور سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی

Senator-Muhammad-Ishaq-Dar

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے شہر طائف پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں طائف میں حوثیوں کے ڈرون حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ایک یمنی شہری جاں بحق، جبکہ ایک سعودی شہری اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا ہے۔ پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون کو طائف کی فضا میں ہی تباہ کردیا گیا، تاہم تباہ ہونے والے ڈرون کا ملبہ آبادی والے علاقوں میں جاگرا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان کے علاوہ متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی (SPA) نے دعویٰ کیا ہے کہ فضا میں تباہ کیا جانے والا ڈرون حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا۔ سول ڈیفنس کے مطابق واقعے کے فوری بعد اس نوعیت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقررہ حفاظتی اور ہنگامی اقدامات نافذ کردیے گئے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے جبکہ حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ پاکستان نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ معصوم انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی ایسی اشتعال انگیزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا ہے۔ طائف پر یہ تازہ ڈرون حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی جانب سے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق رواں ہفتے حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور طائف کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، جن کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے جبکہ متعدد رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ رپورٹس کے مطابق طائف میں ہونے والی ہلاکت حالیہ حملوں کے دوران سعودی عرب کی جانب سے رپورٹ کیا جانے والا پہلا جانی نقصان ہے۔ اس سے قبل مختلف حملوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔