سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور تین بچوں کے قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم محمد ہمایوں خان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس ملزم کو آلۂ قتل سریا برآمد کرنے کے لیے لے گئی تھی۔ پولیس افسران اور اہلکار آلۂ قتل کی تلاش میں مصروف تھے کہ ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کا پسٹل نکال لیا۔ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران چھینے گئے پسٹل سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم محمد ہمایوں خان ولد حسن خان موقع پر ہلاک ہوگیا۔پولیس نے ملزم سے اہلکار کا چھینا گیا پسٹل بھی برآمد کرلیا، جبکہ لاش کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور تین بچوں کے قتل کے واقعے میں مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی محمد ہمایوں خان ملوث نکلا تھا۔ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم وقوعہ کے روز دو سے ڈھائی بجے کے درمیان مقتولہ کے گھر آیا تھا۔ رشتے دار ہونے کے باعث ملزم کا گھر میں آنا جانا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون سے زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر راڈ سے وار کیا، بعدازاں سریے کے ذریعے خاتون اور تین بچوں کو قتل کردیا۔





