Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پی سی بی سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا 19 ستمبر سے آغاز


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے رواں سال کے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز 19 ستمبر سے ہوگا۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بیکن ہاؤس اور ایچی سن کالج کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ افتتاحی تقریب کا حصہ ہوگا۔ افتتاحی میچ کا ٹاس دوپہر ڈیڑھ بجے ہوگا جبکہ مقابلے کا باقاعدہ آغاز دو بجے کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر شائقین اور شرکا کے لیے خصوصی میوزک کنسرٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔ گزشتہ سال اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی کامیابی کے بعد پی سی بی نے اسے رواں سال مزید بڑے پیمانے پر دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں سال ملک بھر سے بڑی تعداد میں اسکول اور طلبہ اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ پی سی بی کے مطابق رواں سال 100 اضلاع کے ایک ہزار 400 اسکولوں سے تقریباً 21 ہزار طلبہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا حصہ بنیں گے، جبکہ مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 895 میچز کھیلے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں اسکول سطح پر کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنا اور انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا بنیادی مقصد اسکول سطح پر نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش، باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور ملک میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام میں گلگت سے گوادر تک مختلف علاقوں کے اسکول شریک ہوں گے، جس کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں سے نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں سامنے لانے کا موقع ملے گا۔