پیٹرول سبسڈی، وزیراعظم کی عوام کی آسانی کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے مستحق شہریوں کو فیول سبسڈی کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مستحق افراد کو رجسٹریشن سمیت اسکیم سے متعلق دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں خلیجی ممالک کی صورتحال، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستحق شہریوں کی سہولت کے لیے پیٹرول پمپس پر سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں، جہاں انہیں فیول سبسڈی اسکیم کے حصول، رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سہولت ڈیسک پر اسکیم کے مستحق شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے تاکہ انہیں رجسٹریشن یا سبسڈی کے حصول کے عمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو اسکیم کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے بھی متحرک رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو فیول سبسڈی کے طریقہ کار اور ضروری مراحل سے متعلق مناسب معلومات فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں اسپیشل ریلیف اسکیم کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔ بریفنگ کے مطابق فیول سبسڈی سے متعلق مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ پر دستیاب ہیں جبکہ کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومتیں بھی فیول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد کے سلسلے میں بھرپور تعاون کررہی ہیں۔ وزیراعظم نے اسکیم سے متعلق عوام کو سہولت فراہم کرنے اور رجسٹریشن کے عمل میں زیادہ سے زیادہ رہنمائی یقینی بنانے کی ہدایات بھی دیں۔
مزید پڑھیں





