وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

لندن: وزیراعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کے خصوصی طیارے نے لوٹن ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان اور سفارتی عملے نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لندن میں چند روز قیام کریں گے، جس کے بعد وہ امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے اور پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وہ اپنے خطاب کے دوران پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، اسلاموفوبیا، عالمی معاشی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش مسائل کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات کو اجاگر کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف عالمی برادری کی توجہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کی جانب بھی مبذول کرائیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم اعلیٰ سطحی تقریبات میں شرکت کے علاوہ مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے علاقائی امن، بین الاقوامی تعاون اور کثیرالجہتی نظام سے متعلق مؤقف کو اجاگر کیا جائے گا۔ امریکا میں قیام مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وطن واپسی کے سفر کے دوران دوبارہ لندن میں قیام کریں گے، جس کے بعد وہ پاکستان روانہ ہوں گے۔





