اپووا کے زیر اہتمام ربیع الاول نعتیہ مشاعرہ اور دفاعِ پاکستان کانفرنس کا انعقاد

آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے زیرِ اہتمام ربیع الاول کی مناسبت سے ایک پروقار نعتیہ مشاعرہ اور 6 ستمبر، یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے دفاعِ پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب بانی و صدر اپووا ایم ایم علی کی زیرِ صدارت جبکہ سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی۔
تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلے سیشن میں ربیع الاول کی مناسبت سے نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا، جس کی صدارت معروف استاد، کالم نگار اور شاعر ناصر بشیر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض سمیرا شفیق نے انجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز سفیان علی فاروقی کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔نعتیہ مشاعرے میں عروج درانی، رقیہ غزل، دلشاد نسیم، زبیر احمد، گلریز فاطمہ ڈوگر، چوہدری غلام غوث، ریاض احمد احسان، عنبرین، فاطمہ غوری، عافیہ بزمی، احمد مسعود، ثوبیہ نیازی، آفتاب خان اور شبنم مرزا سمیت دیگر شعرائے کرام نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کیے۔ شعرائے کرام کے خوبصورت نعتیہ کلام نے محفل کو روحانی کیفیت سے سرشار کر دیا۔
تقریب کے دوسرے سیشن میں 6 ستمبر، یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے دفاعِ پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت معروف شاعر، مصنف اور دفاعی تجزیہ نگار شہزاد نیر نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض فرسہ رانا نے انجام دیے۔دفاعِ پاکستان کانفرنس سے بانی و صدر اپووا ایم ایم علی، نائب صدر سفیان علی فاروقی، سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان، لیجنڈ اداکار راشد محمود، ریاض احمد احسان، چودھری غلام غوث، چودھری رضوان کاہلوں، ناصف اعوان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے 6 ستمبر 1965ء کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم کو اتحاد، یکجہتی اور قومی ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
کانفرنس کے دوران مہوش لاشاری، کنزہ سلیم اور ناہید گل نے بھی اپنا کلام پیش کیا اور اپنے اشعار کے ذریعے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے جذبات کو اجاگر کیا۔
تقریب کے دوران معروف شاعر ڈاکٹر فخر عباس اور اپووا کی سابق عہدیدار علینہ ارشد کی والدہ کے انتقال پر خصوصی دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اس موقع پر مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔
تقریب کا ایک خوبصورت اور یادگار لمحہ اس وقت آیا جب نعمان صابری کی جانب سے بانی و صدر اپووا ایم ایم علی کو محبت و عقیدت کے اظہار کے طور پر جناح کیپ پہنائی گئی، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔
تقریب کے اختتام پر سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے تمام معزز مہمانوں، شعرائے کرام، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپووا کا بنیادی مقصد ادب، ثقافت، قومی شعور اور مثبت معاشرتی اقدار کے فروغ کے ساتھ ساتھ ادیبوں اور شعراء کو ایک مؤثر اور باوقار پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ربیع الاول کی مناسبت سے عشقِ رسول ﷺ اور یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ اس تقریب کو ایک اہم ادبی، ملی اور قومی کاوش قرار دیا۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور اہلِ قلم نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کے لیے پُرتکلف بوفے ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس سے شرکاء نے خوب لطف اٹھایا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
مزید پڑھیں





