رومبور میں ختمِ بخاری و تکمیلِ حفظِ قرآن کی پروقار تقریب
رومبور (فتح اللہ ) وادی کالاش رومبور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مدرسہ صوت القرآن للبنین والبنات کے زیرِ اہتمام ختمِ بخاری شریف، تکمیلِ حفظِ قرآن اور دینی تعلیم کی تکمیل کے حوالے سے ایک پروقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مدرسہ صوت القرآن رومبور میں قاری نذیر احمد صاحب کی زیرِ نگرانی قائم واحد دینی مدرسہ ہے، جہاں بچوں اور بچیوں کو دینی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ تقریب اصلاحی، روحانی و تربیتی دورۂ چترال کے سلسلے میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے تشریف لانے والے ممتاز علمائے کرام اور دینی شخصیات نے شرکت کی۔ پروگرام میں خصوصی طور پر حضرت اقدس مولانا محمد ارشد الحسینی صاحب سمیت دیگر علمائے کرام کی شرکت بھی ہوئی۔ اس کے علاوہ چترال کے معروف علمائے کرام قاری فیض اللہ صاحب اور خطیب مولانا خالق الزمان صاحب بھی تقریب میں موجود تھے، جبکہ امیر جماعت اسلامی لوئر چترال جناب وجہہ الدین صاحب نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کی سب سے نمایاں اور منفرد خصوصیت کالاش برادری کی بھرپور شرکت تھی۔ رومبور کے کالاش قاضی فضل اعظم صاحب، معروف سماجی و سیاسی شخصیت سیف اللہ جان صاحب سمیت دیگر کالاش عمائدین اور مقامی افراد نے پروگرام میں شرکت کی۔
مقررین نے اس موقع پر رومبور میں مسلمان اور کالاش برادری کے درمیان قائم محبت، بھائی چارے، باہمی احترام اور رواداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ اس حوالے سے ایک خوبصورت مثال ہے جہاں مختلف مذہبی و ثقافتی پس منظر رکھنے والے لوگ ایک دوسرے کے عقائد اور جذبات کا احترام کرتے ہوئے پرامن ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔
تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کالاش برادری کی جانب سے دینی پروگرام میں محبت اور خلوص کے ساتھ شرکت اس باہمی اعتماد اور احترام کا عملی اظہار ہے۔ مقررین کے مطابق اگر مقامی کالاش برادری اور مسلمان اسی طرح ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کے ساتھ رہیں تو علاقے میں امن، بھائی چارے اور مثبت مذہبی ہم آہنگی کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔
اس موقع پر مدرسہ صوت القرآن کی تعلیمی سرگرمیوں اور طلبہ و طالبات کی دینی کامیابیوں کو بھی خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔ چھ طالبات نے چھ سالہ درسِ نظامی کی تکمیل کی، جبکہ متعدد طلبہ و طالبات نے حفظِ قرآن مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ان کی حوصلہ افزائی کی گئی اور اساتذہ و مدرسہ انتظامیہ کی دینی و تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شرکائے تقریب نے قاری نذیر احمد صاحب کی زیرِ نگرانی مدرسہ صوت القرآن کی جانب سے رومبور جیسے دور افتادہ علاقے میں قرآنِ کریم اور دینی علوم کی تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ ایسے ادارے نئی نسل کو قرآن و سنت سے جوڑنے اور معاشرے میں اخلاقی و دینی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب میں علمائے کرام نے قرآنِ کریم، حدیثِ نبوی ﷺ، دینی تعلیم، اخلاقی تربیت، باہمی احترام اور معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام میں شریک مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد نے اسے رومبور کی سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم اور یادگار اجتماع قرار دیا۔
آخر میں ملک و قوم، علاقے میں امن و خوشحالی، مسلمان اور کالاش برادری کے درمیان محبت و بھائی چارے کے مزید فروغ، مدرسہ صوت القرآن کی ترقی اور فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیہ کلمات ادا کیے گئے، جس کے ساتھ یہ پروقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
مزید پڑھیں


.jpg%3F2026-10-05T18%253A56%253A14.291Z&w=3840&q=75)


