جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے جھگڑے کے بعد فائرنگ کر کے افسر سمیت اپنے 4 ساتھی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ گزشتہ شام پونے 7 بجے بسوہلی کے ماشکا گاؤں میں واقع سیوا 2 پن بجلی منصوبے پر تعینات سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے کیمپ میں پیش آیا جہاں اہلکاروں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ جھگڑا بڑھنے پر ہیڈ کانسٹیبل اودیش کمار سنگھ نے دفتر میں داخل ہو کر اپنی سرکاری اے کے-47 رائفل سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ انکت کمار پانڈے، سب انسپکٹر لکشمن سنگھ، کانسٹیبل رفیق احمد اور کانسٹیبل سندیپ کمار شامل ہیں۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے مطابق حملہ آور اہلکار کے پاس 150 گولیاں تھیں، واقعے کے بعد اس کی سرکاری رائفل قبضے میں لے لی گئی ہے۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والے 4 اہلکاروں کو ہماچل پردیش کے قومی پن بجلی کارپوریشن کے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم متاثرہ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر اودیش کمار سنگھ کو گرفتار کر لیا ہے، حکام واقعے کے محرکات اور دیگر حالات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں






