Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چھٹیوں پر بیرون ملک جانے والے سرکاری افسران کی سخت نگرانی کا فیصلہ

plane

حج، عمرہ یا سیروتفریح کے لیے بیرون ملک جانے والے سرکاری ملازمین کی ایکس پاکستان رخصتوں کی سخت نگرانی اور جانچ پڑتال کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سرکاری ملازمین کی ایکس پاکستان چھٹیوں کی نگرانی کا نظام ڈیجیٹل کردیا ہے، جس کے تحت بیرون ملک سفر کے لیے جاری کیے جانے والے این او سی کی ایئرپورٹس پر باقاعدہ ڈیجیٹل تصدیق کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے جاری ہونے والے این او سی پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا، جسے ایئرپورٹ پر اسکین کرکے این او سی کی تصدیق کی جائے گی۔ اس اقدام کے نتیجے میں جعلی، غیر مستند یا مشکوک این او سی کی فوری نشاندہی ممکن ہوسکے گی اور بیرون ملک سفر کرنے والے سرکاری ملازمین کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی زیادہ مؤثر انداز میں کی جاسکے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے یہ نیا ڈیجیٹل نظام ابتدائی طور پر اپنے ہولڈنگ ڈیپارٹمنٹ پر نافذ کردیا ہے، جبکہ مرحلہ وار دیگر سرکاری محکموں کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔ اس نظام کے ذریعے تمام سرکاری ملازمین کے ایکس پاکستان سفر کی نگرانی کی جائے گی تاکہ چھٹی کی نوعیت اور بیرون ملک سفر کے درمیان مطابقت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق حج یا عمرہ کی غرض سے ایکس پاکستان رخصت حاصل کرنے والے سرکاری ملازمین بھی نگرانی کے دائرے میں ہوں گے۔ حج یا عمرہ کے نام پر چھٹی حاصل کرکے کسی دوسرے ملک کا سفر کرنے والے ملازمین کی بھی نشاندہی کی جائے گی اور چھٹی کے غلط استعمال کی صورت میں کارروائی کا راستہ ہموار ہوگا۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت این او سی کی ایئرپورٹ پر کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیق سے سرکاری ملازمین کے بیرون ملک سفر کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ جعلی دستاویزات اور چھٹی کے غلط استعمال کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔