اسرائیل کو مزید طاقتور کرنے کا امریکی منصوبہ :3ارب ڈالرسے زائد کے جنگی سامان کی خریداری کا معاہدہ

0
26

واشنگٹن : اسرائیل کو مزید طاقتور کرنے کا امریکی منصوبہ : تین ارب ڈالر کے جنگی سامان کی خریداری کا معاہدہ ،اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکومت نے امریکا سے تین ارب ڈالر کے عوض 12 ہیلی کاپٹر اور فضا میں ری فیولنگ کرنے والے دو جہاز خریدنے کا معاہدہ طے کیا ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس معاہدے کو اسرائیلی ائیر فورس کی استعداد کو بڑھانے کے لئے طے کیا گیا ہے اور اسرائیل کے پاس اختیار ہے کہ وہ چھ مزید ہیلی کاپٹر خرید سکے گا۔

اسرائیلی فوج کے ریڈیو کے مطابق دونوں ری فیولنگ جہاز 2025 کے بعد اسرائیل کے حوالے کئے جائیں گے جبکہ ہیلی کاپٹروں کا پہلا آرڈر 2026 میں اسرائیلی فوج میں شامل ہوگا۔

اسرائیلی فوج کے بریگیڈئیر جنرل شمعون سینسپر کے مطابق اسرائیل نے چار ری فیولنگ جہاز خریدنے ہیں اور اس آرڈر کی جلد از جلد ڈیلیوری پر زور دیں گے۔

دوسری طرف اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں‌ فلسطین کی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے متعدد علاقوں من جملہ نابلس، الخلیل اور قلقیلیه میں صیہونی فوجیوں کے حملے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں ۔ صیہونی فوجیوں نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل داغے۔

چند روز قبل بھی غرب اردن کے صوبے نابلس کے برقہ علاقے پر بھی صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم سےکم 127 فلسطینی زخمی ہوئے تھے ۔ زخمیوں میں سے 5 کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ زخمی ہونے والوں کی اکثریت کا تعلق شمال مغربی شہر نابلس کے فلسطینی علاقے برقہ سے ہے۔

 

 

فلسطینی عوام نئی صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کرتے ہیں۔ صیہونی حکومت عالمی برادری کے مطالبات پر توجہ دیئے بغیر امریکہ کی حمایت سے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تمام صیہونی کالونیاں بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیرقانونی ہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تیئس دسمبر دوہزار سولہ میں قرار داد تیئس چونتیس منظور کر کے صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ مقبوضہ فلسطین میں تمام صیہونی کالونیوں کی تعمیر فورا روکی جائے۔ صیہونی حکومت صیہونی کالونیاں تعمیر کر کے فلسطینی علاقوں کا جغرافیائی ڈھانچہ تبدیل اور صیہونیت کا رنگ دینا چاہتی ہے تاکہ فلسطینی علاقوں میں اپنا قبضہ مضبوط بنا سکے ۔

صیہونی فوجیوں کے دشمنانہ اقدامات ایسے عالم میں جاری ہیں کہ اس سے قبل فلسطینی استقامتی گروہ، غرب اردن اور بیت المقدس میں صیہونیوں کے جارحانہ اقدامات کے بارے میں خبردار کر چکے تھے۔

Leave a reply