پشاور:عمران خان نے کہا ہے کہ جو بھی عوام کے سمندر کو روکنے کی کوشش کرے گا بہہ جائے گا۔اطلاعات کے مطابق چیئر مین پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنےکیلئے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کوپکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈالا گیا، گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، کریک ڈاؤن ایسے کر رہے ہیں جیسے ہم قوم کے مجرم ہیں یا غداری کی ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ ساڑھے تین برس میں فضل الرحمان دھرنے کیلئے آتا تھا، ہم نے نہیں روکا، مریم نے بھی کوئی لانگ مارچ کیا تھا جس کا کسی کو پتہ ہی نہیں چلا، ہم نے انہیں کبھی نہیں روکا کیونکہ ہم سمجھتے تھے کہ ان کا جمہوری حق ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال بیورو کریسی، عدلیہ اور نیوٹرل کا امتحان ہے۔پشاور میں تحریک انصاف یوتھ ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نیوٹرل کا امتحان ہے کہ وہ امریکی نوکروں کے ساتھ کھڑے ہیں یا ملک کے حقیقی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم بیدار ہے، قوم کو سازش کا پتہ ہے، قوم ان چوروں اور امپورٹڈ حکومت کو کبھی برداشت نہیں کرے گی، جو بھی عوامی سیلاب کو روکنے کی کوشش کرے گا وہ بہہ جائے گا۔

چیئرمین تحریک کا کہنا ہے کہ کل اسلام آباد جانے والے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کل رات ایسا کریک ڈاؤن کیا گیا جیسے ہم کوئی غداری کررہے ہیں، ہمارے لوگوں کوپکڑ کرجیلوں میں ڈالا، گھرمیں گھس کرہراساں کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کل پشاور سے مارچ کی قیادت کروں گا، مارچ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلوس ہوگا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ يہ سياست نہيں جہاد ہے، يہ ملکی آزادی کی جنگ ہے، تحريک تب تک چلے گی جب تک اليکشن کی تاريخ نہيں ملتی۔

ادھرپاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا جب بھی احتجاج ہوا پر امن ہوا، ہمارے ساتھ فیملیز ہوتی ہیں انہوں نے کبھی بھی تشدد نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ، پی پی اور نون لیگ نے جلسے کیے، رکاوٹ نہیں ڈالی، جب عوام نکلیں گے تو کنٹینرز دھرے رہینگے، آزادی مارچ کل ہر حال میں نکلے گا۔

شیریں مزاری نے کہا ہے کہ عمران خان کے بچے اپنی ماں کے ساتھ رہ رہے ہیں، اپنے باپ اور بھائیوں کو ملک واپس بلالیں جو پاکستان کو لوٹ کر بھاگے ہیں۔

Shares: