رمضان میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے گریز کریں،اسلامی نظریاتی کونسل

0
97
nazriati

اسلامی نظریاتی کونسل کا236 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز سمیت ان 12 ممبران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی مدت رکنیت 18 اپریل 2024کو مکمل ہو رہی ہے۔ ان ممبران میں ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی، پیر ابو الحسن محمد شاہ، صاحب زادہ محمد حسان حسیب الرحمٰن، مولانا محمد حامد الحق حقانی، مولانا محمد حسین اکبر، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر زادہ جنید امین، حافظ محمد طاہر اشرفی، مفتی محمد زبیر، سید محمد حبیب عرفانی اور مولانا نسیم علی شاہ صاحب شامل ہیں۔

کونسل نے اپنے اجلاس میں قادیانیوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا جائزہ بھی لیا۔ یہ فیصلہ ریویو پٹیشن کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل کو رائے کے لئے ارسال کیا گیا تھا۔ کونسل نے فیصلے کی ان شقوں کی نشان دہی کی، جن سے ابہامات پیدا ہوئے۔ کونسل نے فیصلے کو جامع بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں، جو سپریم کورٹ کو پیش کی جائیں گی۔

کونسل نے نگران وزیر اعظم جناب انوار الحق کاکڑ کے خط کے جواب میں حکومت کو تجویز دی کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے ایک مؤثر علماء بورڈ تشکیل دیا جائے، جو مستقلاً کام جاری رکھے اور علاقے میں ہم آہنگی اور روداری کو فروغ دے، کیونکہ گلگت بلتستان حساس علاقہ ہے اور سی پیک کا روٹ ہے، اس وجہ سے اس علاقے کا امن و امان ہماری معیشت کی بہتری کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

کونسل نے تاجروں سے اپیل کی کہ رمضان شریف کے مقدس مہینے میں اسلامی روایت یعنی انفاق کو عام کریں، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے گریز کریں۔

Leave a reply