ضلع فیصل آباد میں ابھی تک رمضان بازاروں کا آغاز نہ ہو سکا

0
56

فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے رمضان بازاروں کو فوری طور پر فنکشنل بنانے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ محکمے آپس میں کوآرڈینیشن کو یقینی بناتے ہوئے ضروری انتظامات کو چیک لسٹ کے مطابق مکمل کرکے بلاتاخیررپورٹ کریں۔انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا جس میں رمضان بازاروں کے ضروری انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں پھل وسبزیوں /مٹن وبیف اورکریانہ کی دیگر اشیاء کے سٹالز،سٹاف کی ڈیوٹیز،اوزان وپیمائش،بزرگ وخواتین کے لئے ضروری انتظامات،نرخ نامے آویزاں،پنکھوں کی موجودگی،صفائی ستھرائی،پبلک ایڈریس سسٹم،پارکنگ،واش رومزودیگر ضروری انتظامات عوامی توقعات کے مطابق ہونے چاہیں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ رمضان بازاروں کے دورے کرکے متعلقہ انتظامات کوچیک کریں اور سامنے آنے والی کمی کو فوری دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر سہولیات سے آراستہ ضلع فیصل آباد کے رمضان بازار نہ صرف ڈویژن بلکہ صوبہ بھر میں رول ماڈل ہونے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)کو ضلع جبکہ اسسٹنٹ کمشنر(سٹی) شہر کے رمضان بازاروں کے انتظامات مکمل کرانے کے فوکل پرسن ہونگے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز طارق خاں نیازی،عاصمہ اعجاز چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی شمائلہ منظور،ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان،ڈی او انڈسٹریز خالد محمود،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر عطاء سبحانی،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر،سی ای او میونسپل کارپوریشن وضلع کونسل سردار نصیراحمد،نعیم اللہ وڑائچ،سی ای او فیصل آبادویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان کے علاوہ پنجاب وٹریفک پولیس،پارکنگ کمپنی اور دیگر محکموں /اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے شہر کے مختلف علاقوں جاکر رمضان بازاروں میں انتظامات کی صورتحال کاجائزہ لیا اور وہاں سٹالز کی ترتیب،اشیاء کی سپلائی کے طریقہ کار،صفائی ستھرائی اور عوامی سہولت کے لئے دیگر انتظامات کو چیک کرتے ہوئے ڈیوٹی افسران کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کو مکمل طور پر فنکشنل بنانے میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں، گوشت، دالوں، آٹا، چینی اور دیگر اشیاء خوردنی کی سپلائی کے میکنزم کو منظم اور فعال بنائیں تاکہ کوئی سٹال خالی نہ رہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ رمضان بازاروں کو دن کے مختلف اوقات میں باربار چیک کیا جائے گا لہذا تمام ترانتظامات کو مکمل کرنے کی سنجیدہ تگ ودونظر آنی چاہیے اس ضمن میں سست روی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
۔۔۔///۔۔۔

Leave a reply