فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے ہال میں ایک روزہ ریفریشنل ٹریننگ برائے ڈینگی کنٹرول سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شہروں سے افسران نے شرکت کی

0
72

(فیصل آباد شان رسول نماٸندہ باغی ٹی وی )

ڈویژنل کمشنرثاقب منان نے کہا ہے کہ ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کے بہترین طریقہ ومہارت سے علاج معالجہ کے سلسلے میں متعلقہ ڈاکٹرزکی کاوشیں قابل ستائش رہی ہیں لہذا آئندہ بھی اسی ذمہ داری سے فرائض انجام دیئے جائیں اس ضمن میں تربیتی سیشنز کا انعقادناگزیر ہے۔

انہوں نے یہ بات محکمہ صحت کے زیراہتمام فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ہال میں ایک روزہ ریفریشنل ٹریننگ برائے ڈینگی کنٹرول کے اختتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز محمد علی،عمر جاوید،سید مسعود نعمان،وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،ڈائریکٹر آف ایجوکیشن ڈی جی آفس لاہورعثمان غنی،پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر عامر حسین،پروفیسر آف اینٹامالوجی ڈاکٹر وسیم اکرم،ڈی ایچ اوڈاکٹر بلال احمد،ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین اور دیگر اضلاع کے سی ای اوز وڈی ایچ اوز بھی شریک تھے۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کے لئے محکمہ صحت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں جبکہ علاج معالجہ میں ڈاکٹرزکے کردارکو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی ترجیح ہے جس سے آئندہ موسم میں نپٹنے کے لئے سرویلنس،فیڈبیک،انسدادی کارروائیاں اور ممکنہ مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے مکمل آگاہی ضروری ہے جس کے لئے تربیتی پروگرام کا بروقت انعقاد محکمہ صحت کا اہم اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیتی سیشنز سے بھرپور استفادہ کریں اور کسی بھی مسئلہ کی نشاندہی کریں تاکہ قبل از وقت اقدامات کرکے اس کا ازالہ کیا جاسکے۔

ڈائریکٹر آف ایجوکیشن ڈی جی آفس عثمان غنی نے کہا کہ حکومت پنجاب انسداد ڈینگی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ڈینگی کے خلاف مہم کے سلسلے میں سرکاری فرائض کی ادائیگی کے ساتھ یہ ایک انسانی خدمت کا نیک عمل ہے جس کا انہیں اللہ تعالیٰ سے صلہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے جس کے سد باب کے لئے کمیونٹی کا فعال کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں جدید مہارتوں ورحجانات سے آگاہ کرنے سے متعلق تربیتی پروگرامز کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے استعداد کار اور کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کو ڈینگی سے پاک رکھنے کیلئے کوششوں میں کمی نہیں آنے دیں گے۔تربیتی ورکشاپ سے وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی،ماہرحشرات ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ڈپٹی کمشنرز ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ نے ورکشاپ کے انعقاد کو اہم اقدام قرار دیا اور کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر بلال احمد نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔

Leave a reply