پولیو کا یکسر خاتمہ حکومتی ترجیحات میں سر فہرست ھے۔ ڈویژنل کمشنر عشرت علی

0
40

فیصل آبا(محمد اویس)ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہا ہے کہ پولیو کا یکسر خاتمہ حکومتی ترجیحات میں سر فہرست ہے اس سلسلے میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دینے کے لئے بھرپور آگاہی مہم بھی جاری ہے تاہم معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لئے حکومتی کاوشوں میں معاونت کریں گے۔انہوں نے یہ بات انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور سپیشل ایجوکیشن کے اشتراک سے آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں منعقدہ”اینڈ پولیو“(End Polio)سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،سی ای اوایجوکیشن علی احمد سیان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شاجیہ،ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران،اساتذہ،خصوصی تعلیمی اداروں کے طالب علم بڑی تعداد میں موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ خصوصی بچوں نے پولیو کے دو قطرے ہر بچہ ہر بار کا پیغام واضح انداز میں اجاگر کیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ صحت سمیت تمام محکمے اور سول سوسائٹی کے افراد مہم کوکامیاب بنانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کریں تاکہ آئندہ نسل کی صحت کا تحفظ یقینی ہو۔انہو ں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ انسداد پولیو کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ کسی گھر کا کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں رضا کارانہ خدمات انجام دینے والے طالب علموں کو انتظامیہ کی طرف سے تعریفی سر ٹیفکیٹس بھی دئیے جائیں گے۔انہوں نے اینڈ پولیو سیمینار کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور سپیشل بچوں کی متاثرکن پروفارمنس پر ان کی اوراداروں کی انتظامیہ کی تعریف کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان اور ضلع فیصل آبادہمارا مشن ہے جس کے لئے جذبوں میں کمی نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے سماجی سطح پر بھرپور آگاہی مہم شروع کررکھی ہے اور سپورٹس کے لیجنڈز سنوکر چیمپئن محمد آصف اور کرکٹر سعید اجمل کو سفیر مقرر کیاگیا ہے جبکہ طالب علم بھی مہم کے دوران معاونت کریں تاکہ مطلوبہ اہداف کا حصول یقینی ہو۔سی ای او ایجوکیشن،سی ای اوہیلتھ،ڈی او سپیشل ایجوکیشن ودیگر نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے والدین کے جاندار کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا لہذا وہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔سیمینار کے دوران خصوصی تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے انسداد پولیو مہم سے متعلق والدین اورمعاشرے کو تعاون کرنے سمیت احساس برقرار رکھنے پر مبنی ٹیبلوز پیش کئے۔

Leave a reply