صحت کے بیشتر منصوبے سال 2022 میں بھی مکمل نہ کیے جا سکے۔
ملتان میں شروع کیے جانے والے صحت کے بیشتر منصوبے سال 2022 میں بھی مکمل نہ کیے جا سکے۔ ملتان کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کا توسیعی منصوبہ 3 ارب سے زائد کے اضافی فنڈز خرچ ہونے کے اور 7 سال گذرنے کے بعد بھی مکمل نہ ہو سکا، نشتر ٹو اسپتال کا منصوبہ 10 ارب خرچ اور 3 سال گزرنے کے بعد بھی نامکمل ہی رہا جبکہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال سمیت کئی منصوبے کھٹائی میں پڑے ہوئے ہیں۔
ملتان کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کا توسیعی منصوبہ 2015 میں شروع کیا گیا جس کو 2018 میں ایک ارب 20 کروڑ روپے میں مکمل کیا جانا تھا مگر سات سال میں 3 ارب سے زائد کے فنڈز لگانے کے بعد بھی مکمل نہیں کیا جا سکا۔ ملتان نشتر اسپتال پر بھی مریضوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے 2019 میں نشتر 2 اسپتال کا منصوبہ شروع کیا گیا جس پر دس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہو چکی لیکن تین سال بعد بھی منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا۔
اسی طرح مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال، 110 بیڈز کے بلڈ ڈیزیزز سینٹر اور آئی کیئر سینٹر سمیت دیگر کئی منصوبے ارباب اختیار کی توجہ کے منتظر ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ غلام صغیر شاہد کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹر کو ڈیفالٹ ڈکلیئر کر دیا ہے اور نئے ٹھیکیدار کی سلیکشن کا پروسیس چل رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
روسی رکن پارلیمنٹ اور صدر پیوٹن کے نقاد کی بھارت میں پراسرار ہلاکت
خواتین پرپابندیاں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا طالبان حکومت سے پالیسیاں بدلنے کا مطالبہ
افسانہ نویس و ناول نگار اور مترجم قیصر نذیر خاورانتقال کرگئے.
انہوں نے کہا کہ ملتان کے یہ تینوں منصوبے نشتر 2، مدر اینڈ چائلڈ بلاک اور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی انشاءاللہ جون 2023 میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ اگر یہ منصوبے مکمل کر لیے جاتے ہیں تو ملتان کے شہریوں کے لئے بہترین صحت کی سہولتیں میسر آ سکیں گی لیکن فنڈز کی بروقت فراہمی نہ ہونے سے نشتر 2 اور کارڈیالوجی توسیعی منصوبہ سمیت دیگر صحت کے اہم ترین منصوبے اس سال بھی مکمل نہ کیے جا سکے۔