بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ’مسٹر انڈیا‘ کا ڈائیلاگ موگیمبو خوش ہوا آج بھی مشہور ہے اس فلم میں امریش پوری نے موگامبو کا مشکل ترین کردار بخوبی نبھایا تھا کیا آپ جانتے ہیں اس کردار کے لئے امریش پوری سے پہلے کس اداکار کو چُنا گیا تھا؟
باغی ٹی وی :میڈیا رپورٹس کے مطابق سال سن 1987میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار شیکھر کپور کی فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں انیل کپور، سری دیوی، امریش پوری اور ستیش کوشک نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کا شمار آج بھی بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلموں میں ہوتا ہے اس فلم کو نہ صرف بڑے بلکہ بچے اور بوڑھے بھی شوق سے دیکھتے ہیں-
اس فلم کی مقبولیت کی ایک وجہ اس کا ڈائیلاگ ’موگیمبو خوش ہوا‘ بھی ہے جو کہ امریش پوری نے ادا کیا تھا اُن کا اس فلم میں یہ کردار بالی وڈ کا سب سے مشہور کردار بن گیا تھا۔ لیکن ب یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ امریش پوری سے قبل اس کردار کے لیے ایک اور معروف اداکار کو چُنا گیا تھا-
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریش پوری کے بجائے معروف اداکار انوپم کھیر کو اُن سے قبل اس کردار کے لیے چنا گیا تھا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انوپم کھیر نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’مسٹر انڈیا‘ میں موگیمبو کا کردار امریش پوری سے پہلے مجھے دیا گیا تھا۔
انوپم کھیر نے کہا کہ لیکن پھر ایک یا دو ماہ بعد فلم کے ہدایت کار نے یہ رول مجھ سے لے کر امریش پوری جی کو دے دیا تھا۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ جب ایک اداکار کو ایک کردار دے کر واپس لے لیا جائے تو اُسے بہت برا محسوس ہوتا ہے لیکن جب میں نے فلم مسٹر انڈیادیکھی اور اُس میں امریش پوری کوموگیمبو کا کردار کرتے دیکھا تو مجھے اندازہ ہوا کہ اُس وقت ہدایت کار کا فیصلہ بالکل درست تھا۔
1932 میں بھارتی پنجاب کے علاقے جالندھر میں پیدا ہونے والے امریش پوری نے بالی وڈ میں منفی کردار سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی لاجواب اداکاری کا لوہا منوا لیا- امریش پوری نے رام لکھن، سوداگر، کرن ارجن، کوئلہ، ودھاتا، ہیرو، پھول اور کانٹے، پردیس، میری جنگ اور دل والے دلہنیا لے جائیں گے جیسی یادگار فلموں میں لازوال کردار ادا کیے۔
امریش پوری ہالی وڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے اور انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم جیسی بلاک بسٹر فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور فلمی دنیا میں بطور ولن کئی ایوارڈ ز بھی اپنے نام کیے۔
امریش پوری کا 12 جنوری 2005 کوممبئی کے اسپتال میں دماغ کی شریان پھٹ جانے کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا-