خواتین کو بااختیار بنانے میں بینظیر کی جدوجہد کی دنیا معترف. شازیہ عطاء مری

0
63
Shazia Atta Marri

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) محترمہ شازیہ مری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان یا مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم تھیں بلکہ وہ عالمی سطح پر ایک مشہور سیاسی رہنما تھیں۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر بدھ کو اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ جناب فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی اور جمہوریت دشمن قوتوں کے خلاف شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ کا حصہ ہے جو کہ 1967 سے شروع ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ان کا مضبوط اور متحرک کردار، ترقی پسند سوچ اور ان کے سیاسی نظریے کو عالمی رہنماوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 70ویں یوم پیدائش پر ہم شہید بی بی کی جدوجہد ،پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں، صحافیوں، دانشوروں ،ممبران اسمبلی اور سول سوسائٹی کو درپیش مسائل اور تکالیف کو بھی یاد کرتے ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے کارکنان اور معاشرے کے دیگر طبقات کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو جبرو آمریت کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کے لیے کھڑے رہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شہید محترمہ کے تمام کارناموں کو ایک پریس کانفرنس میں بیان کرنا ممکن نہیں ، تاہم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کے اقدامات، ویمن پولیس اسٹیشنز کا قیام، اعلیٰ عدلیہ میں خواتین ججوں کی تقرری اور فرسٹ ویمن بینک جیسے اقدامات ان کے اہم کارناموں میں شامل ہیں۔ انہوں نے شہید محترمہ کے منصوبوں جیسے تھر کول پراجیکٹ، غازی بروتھا ، تیل اور گیس کی پیداوار کے دیگر منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی جس سے ان علاقوں کی مقامی آبادی کو فائدہ پہنچا جہاں یہ منصوبے شروع کیے گئے تھے۔

شہید محترمہ کے عالمی قائدانہ کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے محترمہ شازیہ مری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ایک نئی سمت دی، شہید محترمہ کا خیال تھا کہ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ ہم اپنے پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ شہید محترمہ نے اپنے دور میں سارک کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

علاوہ ازیں عظیم لیڈر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور محترمہ نصرت بھٹو کے کردار کو یاد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ درد اور تکلیف کے اس دور میں محترمہ نصرت بھٹو کا کردار ایک قوم وریاست کی ماں کا تھا۔ یہی کردار آصف علی زرداری نے شہید محترمہ کی شہادت کے بعد ”پاکستان کھپے“ یعنی پہلے پاکستان کے نعرے کے ساتھ ادا کیا۔ پی ٹی آئی قیادت کی سیاسی ناپختگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، محترمہ مری نے کہا کہ عمران خان کے برعکس آصف علی زرداری نے سیاسی قیادت کو اس وقت یا اس کے بعد کبھی بھی ریاستی اداروں پر حملے کے لیے نہیں اکسایا۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
لاپتہ افراد ،جرائم پیشہ نکلے،جیلوں میں موجود، عدالت نے درخواست نمٹا دی
خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی کتنی زبانوں میں براہ راست نشر کیا جائے گا؟
خدیجہ شاہ سمیت گرفتار 180 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ موخر
لاپتہ آبدوزکی کمزورسیفٹی پرماضی میں خدشات کا اظہارکیاگیا تھا،برطانوی اخبار کا انکشاف
صابر شاکر کے گھر سے کلاشنکوف اور گولیاں برآمد،مقدمہ درج
بلوچستان کے 35 اضلاع کےڈسٹرکٹ کونسلزز کی مخصوص نشستوں پر پولنگ کل ہو گی

وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ جناب فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بینظیر کفالت کی چوتھی قسط جاری کر رہا ہے جو کہ 9000 روپے فی خاندان ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جو بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر مستحق خواتین سے غیر قانونی کٹوتی میں ملوث ہیں۔ مستحقین کو ان کی رقم وصول کرنے کے دوران درپیش مشکلات اور لمبی قطاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر مملکت نے کہا کہ شراکت دار بینکوں کو اپنے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے اور مستحقین کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے فوری اور آسان ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے شراکت دار بینکوں پر بھی زور دیا کہ وہ پی او ایس ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کریں جو بی آئی ایس پی کے مستحقین کو نقد رقم کی تقسیم کے حوالے سے بدنیتی پر مبنی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
*

Leave a reply