چین اور پاکستان نیوی کی مشترکہ مشق سی گارڈینز کا مقصد کیا؟ حکام نے بتا دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چینی بحریہ کے مابین چھٹی دو طرفہ مشق سی گارڈینز 2020 کے حوالے سے آج کراچی میں سرکاری میڈیا کے نمائندوں کے لئے ایک بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔پاک بحریہ کے کموڈور راجہ رب نواز اور چینی بحریہ کے سینئیر کیپٹن ژو ہان وین نے مشق کے مقاصد اورتفصیلات سے آگاہ کیا۔

کموڈور راجہ رب نواز نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر بطور ذمہ دار ریاست اپنے کردار اور اہمیت سے واقف ہے۔ بحری شعبہ پاکستا ن کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔محفوظ اور جرائم سے پاک سمندر میں ہماری دلچسپیاں مندرجہ ذیل تین حقائق کے پیش نظر اہم ہیں :

(الف) سمندروں کے ذریعے تجارت پر ہمارا غیر معمولی انحصار
(ب) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کوفعال بنانا
(ج) عالمی توانائی کی راہداریوں میں اہم اسٹریٹجک مقام

یہ حقائق اجتماعی طور پرسمندری استحکام کو ہماری قومی سلامتی کا اولین ایجنڈا بناتے ہیں۔پاکستان سمجھتا ہے کہ سمندری تحفظ صرف ہمارے لیے اہم نہیں ہے بلکہ دوسرے تمام ممالک کے لئے بھی اہم ہے جن کی خوشحالی اور ترقی سمندر کے ساتھ مضبوطی سے منسلک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہت ہی خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف کے حامل ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مشق سے ہماری دہائیوں پرانی دوستی کو مزید تقویت ملے گی اور مستقبل میںخطے میں تعاون اور ہم آہنگی کے لئے نئے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔

مشق کی تاریخ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سی گارڈینز کا آغاز2014 میں ہواجس کے بعد پاک چین دوطرفہ بحری مشقیں باقاعدگی سے ہر سال باری باری پاکستان اور چین میں منعقد کی جاتی ہیں۔

6 سے 14 جنوری 2020 تک جاری رہنے والی یہ دوطرفہ مشق اس سلسلے کی چھٹی مشق ہے جس میں چینی بحریہ کے اہم جنگی جہاز ، فریگیٹس ، فاسٹ اٹیک کرافٹس کے ساتھ ساتھ ہوائی اورزیر آب اثاثے اور میرینز اور اسپیشل آپریشن فورسزکے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ہاربرفیز کے دوران سماجی سرگرمیوں کے علاوہ، سیمینارز ، ٹیبل ٹاپ ڈسکشن اور مشترکہ تربیتی سیشنز کے ذریعے مختلف بحری شعبوں میں ایک دوسرے کے نقطہ نظر اور مہارت سے مستفید ہونا بھی اس مشق کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔بحیرہ عرب میں 10 تا 13 جنوری 2020 تک مشق کے سمندری مرحلے میں سمندر میں متعدد معاصر اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے بنیادی اور جدید طرز کی مشترکہ سطح کی حکمت عملی کی مشقیں کی جائیں گی۔

حاضرین کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے چینی بحریہ کے سینئیر کیپٹن ژو ہان وین نے کہا کہ اس مشق کا بنیادی مقصد باہمی سیکیورٹی تعاون اور پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشق محفوظ بحری ماحول کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کی بحری افواج کی دہشت گردی اور سمندری جرائم کی روک تھام سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مزید جلا بخشے گی۔

پاکستان اور چینی بحری افواج کے مابین منعقد کی جانے والی چھٹی دوطرفہ مشق سی گارڈینز 2020 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔  جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ڑن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق بھی موجود تھے۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق تقریب سے خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق نے چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈکے افسرا ن اور جوانوں کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں بحری افواج کے بالخصوص دیرینہ دوستانہ تعلقات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مشق سی گارڈینز 2020 کے لئے بہترین منصوبہ بندی اور عملی پیش رفت پر زور دیا تاکہ اس کے دیرپا اثرات مرتب ہو سکیں۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق کمانڈر پاکستان فلیٹ نے امید ظاہر کی کہ مشق سی گارڈینز کا انعقاد دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔

پاکستان نیوی کا بلوچستان کی عوام کے لئے شاندار کام، عوام کی دعائیں

پاکستان نیوی کے صف اول کے جنگی جہاز کا دورہ سعودی عرب

پاک بحریہ کا خشکی سے بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ کے جہازوں کی بین الاقوامی مشقوں میں شرکت

مادر وطن کی سمندری سرحدوں اور ساحلوں کے دفاع کے لیے تیار ہیں، سربراہ پاک بحریہ

پاک بحریہ کے سربراہ کا کریکس اور کوسٹل ایریا میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ

قبل ازیں جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ڑن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشق سی گارڈینز کی میزبانی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مشق دونوں ممالک کے لئے پیشہ ورانہ لحاظ سے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ چینی بحری اثاثوں پر مبنی بیڑہ میرین فورسز کے نمائندوں کے ہمراہ مشق میں شرکت کے لیے کراچی پہنچا۔ مشق کے دوران پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے فضائی اور دیگر اثاثے میرینز و اسپیشل فورس کے اہلکاروں، فرنٹ لائن جنگی بحری جہازوں اور فریگیٹس کے ہمراہ بحیرہ عرب میں جدید طرز کی مشترکہ مشقیں کریں گے۔ اس کے علاوہ ہاربر فیزکے دوران مختلف پیشہ ورانہ اور سماجی سرگرمیاں بھی انجام دی جائیں گی۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق دونوں بحریہ کے سینئر افسران اس مشق کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کریں گے۔ مشق سی گارڈینز 2020 کا مقصد سمندر میں معاصر اور غیر روایتی خطرات سے متعلق پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ کرنا، سیکیورٹی تعاون کو بہتر بنانا اور خطے میں محفوظ بحری ماحول کو فروغ دینا ہے۔یہ مشق پاکستان اور چینی بحریہ کے مابین مضبوط دوطرفہ عسکری تعاون کی عکاس ہے اور یہ دونوں بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت بخشے گی۔ دونوں بحری افواج کے جانب سے افسران کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

Shares: