حکومت کی طرف سے قرآن مجید کی حفاظت کے لیے اقدامات،شہید اوراق کی حفاظت کے لئے کمیٹیاں تشکیل

0
66

لاہور:حکومت کی طرف سے قرآن مجید کی حفاظت کے لیے اقدامات،شہید اوراق کی حفاظت کے لئے کمیٹیاں تشکیل ،اطلاعات کےمطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر قرآن پاک کے شہید اوراق کی حفاظت کے لئے وفاق اور صوبوں کی نمائندہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔

اسلام آباد سے ذرائع کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کے کمیٹی روم میں قرآن پاک کے شہید اوراق کو اکھٹا کرنے اور حفاظت سے متعلق بین الصوبائی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارتِ مذہبی امور کے ڈی جی سید مشاہد حسین خالد، پنجاب کے صوبائی سیکریٹری قرآن بورڈ فرید احمد، اسپیشل سیکریٹری سندھ الطاف احمد بجرانی، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ایڈیشنل سیکریٹریز، اسلامی نظریاتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر اکرام الحق اور قرآن کمیٹی اسلام آباد کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں طے پایا کہ شہید قرآنی اوراق اور مقدس صفحات کی مناسب شرعی طریقہ سے حفاظت کے انتظامات کرنا نہایت اہم ہے، شہید قرآنی اوراق کے لئے ری سائیکلنگ کے لئے جدید دور سے ہم آہنگ ری سائیکلنگ پلانٹس وفاقی اور صوبائی سطح پر قائم کیے جائیں گے، ضلعی حکومتوں کے ڈی سیز اور ڈی سی اوز کے ذریعے مقدس اوراق جمع کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا مقدس اوراق اور شہید قرآن پاک کی ری سائیکلنگ کے دوران کیمیکل کے استعمال کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لی جائے گی، ضلعی سطح پر شہید اوراق کی مناسب حفاظت کے لئے صوبوں اور وفاق کے تعاون سے کمیٹی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر تیار کردہ قوانین میں تبدیلی جائے گی، نیز نجی سطح پر مقدس اوراق کے تحفظ کے رضاکاروں کے ساتھ وزارتِ مذہبی امور ایک الگ اجلاس منعقد کرے گی۔

Leave a reply