کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی: بھارتی اداکار جمی شیر گل کو پولیس نے حراست میں لے لیا

0
28

بھارتی پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اداکار جمی شیرگل جمی شیرگل اور نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر ایشور نیواس سمیت 35 افراد کے خلاف کورونا وائرس پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر کےحراست میں لے لیا۔

باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب پولیس نے اداکار جمی شیر گل اور عملے کے اراکین کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا، وہ پنجاب کے شہر لدھیانہ کے ایک پرائیوٹ اسکول میں اپنی نئی ویب سیریز ’’یور آرنر ٹو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ اس دوران کسی نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر بھارتی اداکار جمی شیرگل سمیت ویب سیریز کے نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایت کار کو بھی حراست میں لے کر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے کا مقدمہ درج کرلیا جس میں 35 لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جمی شیر گل اور ویب سیریز کے ہدایت کار ایشور نواس سمیت 100 سے زائد ممبران کورونا ایس او پیز کو فالو نہیں کررہے تھے اور نہ ہی دوران شوٹنگ انہوں نے ماسک پہن رکھے تھے جب کہ ان کے پاس اسکول میں شوٹنگ کا اجازت نامہ بھی موجود نہیں تھا جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

اس حوالے سے پروڈکشن ٹیم کا کہنا ہے کہ انھوں نے لدھیانہ پولیس سے شوٹنگ کے لیے 23 اپریل سے لے کر 2 مئی تک کی اجازت لی ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایک سب انسپکٹر نے بتایا کہ 100 سے زائد افراد اسکول میں شوٹنگ کے لیے موجود ہیں، جو رات میں تقریباً 8 بجے بھی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست پنجاب میں کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے جو شام 6 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوتا ہے۔

Leave a reply