پولیس میں ٹریننگ اور ورکشاپ کے انعقاد سے تفتیش کا عمل بہتر ہوا۔ڈی پی او گجرات

0
26

گجرات (نمائندہ باغی ٹی وی )پولیس افسران کی مرحلہ وار ٹریننگ اور ورکشاپ سے تفتیش کا معیار بہتر ہوا ہےان خیالات کا اظہار ڈی پی او سید علی محسن نے ماہانہ پولیس پراسیکیوشن کوارڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او آفس گجرات میں منتھلی پولیس پراسیکیوشن کوارڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی محسن نے کی دیگر شرکا ء میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر بابر جاوید،اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر سید ظہیر عباس اور ڈی ایس پی لیگل اختر محمود گوندل شامل تھے۔میٹنگ میں پولیس اور پراسیکیوشن کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر بابر جاوید نے کہا کہ ڈی پی او سید علی محسن کی سربراہی میں گجرات پولیس کی پرفارمنس میں نمایا ں بہتری آئی ہے،تفتیشی افسران کو سنگین جرائم اور نیشنل ایکشن پلان کے جرائم کے متعلق کروائی گئی ورکشاپ اورٹریننگ سے چالان میں پائے جانے والے نقائص ختم ہوگئے ہیں اور قانونی ماہرین کی ٹریننگ سے تفتیش کا معیار بہتر ہوا ہے،جس سے مجرمان کی سزا یابی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی محسن نے اس موقع پر پولیس اور پراسیکیوشن برانچ کے باہمی تعاون کو سراہا اور کہا کہ ضلع بھر کے تمام تفتیشی افسران کو مرحلہ وار ٹریننگ کروائی جارہی ہے جس میں تفتیشی افسران کو سینئر جج صاحبان،پراسیکیوشن برانچ کے افسران،ماہر وکلاء اور ریٹائرڈ پولیس افسران لیکچر دیتے ہیں۔جس کی وجہ سے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔تفتیش اور شہادتوں کے اکٹھا کرنے کا معیارمزید بہتر ہوا ہے اور چالان میں پائے جانے والے نقائص بھی دور ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر بابر جاوید کی سربراہی میں پراسیکیوشن برانچ بہترین طریقے سے کام کررہی ہے۔پولیس اور پراسیکیوشن برانچ کے مابین مثالی تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Leave a reply