مشعال ملک کی عمران خان سے لانگ مارچ دو دن آگے بڑھانے کی درخواست

0
68

اسلام آباد:مشعال ملک نے عمران خان سے لانگ مارچ دو دن آگے بڑھانے کی درخواست کی ہے۔اہلیہ یاسین ملک چیئرمین پیس اینڈ کلچر مشعال ملک نے اپنی بیٹی رضیہ سلطانہ کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 مئی یاسین ملک کی سزا کا دن ہے، عمران خان اپنے مارچ کو دو دن آگے کردیں۔

اہلیہ یاسین ملک نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں خود کو کشمیریوں کا وکیل کہا جبکہ یاسین ملک عمران خان کے دوست بھی ہیں۔

مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی اپنے لانگ مارچ کو یاسین ملک کے لیے وقف کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بہن بھائیوں سے کہتی ہوں ہمارا ساتھ دیں، جھولی پھیلا کر کہتی ہوں یاسین ملک کو بچانے کے لیے نکلیں اس سے پہلے کہ یاسین ملک کو پھانسی دے دی جائے۔

اہلیہ یاسین ملک چیئرمین پیس اینڈ کلچر مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے، مجھے امید ہے آپ میرا ساتھ دیں گے اور آپ اپنی کوشش سے یاسین ملک کی جان بچا سکیں گے۔اس موقع پر بیٹی مشعال ملک رضیہ سلطانہ نے کہا کہ انکل آپ ہمارے لیے اپنا مارچ آگے کرلیں، میرے بابا کو بچانے کے لیے سب ملکر کوشش کریں۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

پشاور میں کورکمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے اور میں صرف تحریک انصاف کے کارکنان کو نہیں بلکہ پوری قوم کودعوت دے رہا ہوں کہ لانگ مارچ میں شرکت کریں۔

Leave a reply